بغیر تحقیقات ملازمین کی برخاستگی کا فیصلہ تاناشاہی: اکبر لون | کہا نوکریوں کی فراہمی کا سلسلہ بند کرنا منصوبہ بند سازش
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون نے حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین کوبغیر تحقیقات برخاست کرنے کے حکمنامے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تاناشاہی پر مبنی اس طرز عمل کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمنامہ کوئی معمول کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے اور اسے سنجیدگی سے نہ لینا بہت بڑی غلطی ہوگی۔ اس سے قبل گذشتہ سال ایک اور حکمانے کے ذریعے حکومت کو اس بات کا مجاز بنایا گیا کہ وہ ملازمین کو 48سال کی عمر میں سبکدوش کرسکتی ہے، اس طرز عمل سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ نئی دلی جموں و کشمیر کے عوام کو اندھیروں میں دھکیل کر محتاج بنانے پر تُلی ہوئی ہے۔ اکبر لون نے کہا کہ جموںوکشمیر ملک کی واحد مسلم اکثریتی ریاست ہے لیکن یہاں ایک منصوبہ بند طریقے سے غیر ریاستی افسروں کو مسلط کیا گیا ہے جو آئے روز اس طرح کے عوام کُش اور کشمیر دشمن حکمنامے جاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت یہاں کے نوجوانوںکو نوکریاں فراہم کرنے کا سلسلہ بند کردیا گیا اور اُن ملازمین کو بھی نکالنے کیلئے راہیں ہموار کی جارہی ہیں جو سرکاری محکموں میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے یہاں گذشتہ سال 17سال پرانی سکیم کو ختم کرکے 4500کے قریب انجینئروں سے روزگار چھین لیا اور اس طرح سے 4500کنبوں کو نان شبینہ کا محتاج بنا ڈالا ہے۔ ایسے ہی مختلف محکموں میں روزانہ اجرتوں پر کام کرنے والے عارضی ملازمین کو بھی نوکریوں سے محروم کیا گیا۔ اکبر لون نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ گذشتہ دنوں جموں وکشمیر بینک کیلئے 1500اسامیوں میں سے صرف 200کشمیری منتخب کئے گئے، ایسے ہی جموں و کشمیر میں گذشتہ دو برسوں کے دوران پُر کی گئی سینکڑوں مرکزی ملازمتوں میں سے مقامی نوجوانوں کی گنتی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہاں مقامی بے روزگاروں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کئے جانے کا سلسلہ بند کردیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب ملازمین کو نکالنے کی سعی کی جارہی ہے جو انتہائی تشویشناک اور افسوسنا ک امر ہے ۔ انہوںنے مرکزی حکومت کو خبردار کیا گیا جموں وکشمیر میں روا رکھی گئی ناانصافیوں، امتیازی سلوک اور انتقام گیری کی پالیسی کو ترک کیا جائے۔
سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیااکائونٹس | نگرانی کرنا انتقام گیری کی حد: محبوبہ مفتی
سرینگر // پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ حکومت ہند کی کشمیریوں سے متعلق انتقام گیری کی حد یہ ہے کہ اب سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت ہند کورونا کی روک تھام کرنے میں ناکام ہوئی ہے ۔محبوبہ مفتی نے ہفتے کوٹویٹ میں کہاکہ ’حکومت ہند کورونا کو روکنے میں ناکام ہوئی ہے جس کی وجہ سے ہندوستان سانس لینے کے لئے ہانپ رہا ہے ، ان کی کشمیریوں کے متعلق دماغی خلل اس حد تک گر گیا ہے کہ سرکاری ملازموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی رکھی جا رہی ہے‘ ۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ جس انتقام گیری کے ساتھ جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کو ختم کیا گیا اس کا کوئی خاتمہ نظر نہیں آ رہا ہے ‘‘۔
خصوصی ٹاسک فورس ختم کیا جائے: منتظر محی الدین، اعجاز خان
سرینگر//اپنی پارٹی کے ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین اور ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کیچیئرمین اعجاز خان نے خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل سے متعلق حالیہ انتظامیہ حکم نامے کو آمرانہ اور بلاجواز قرار دیا ہے جس میں سرکاری ملازمین بغیر کسی مناسب انکوائری کے معطل کئے جاسکتے ہیں۔ ایک بیان میں منتظر محی الدین نے کہاکہ ایسے فیصلوں سے سرکاری ملازمین میں اجنبیت اورعلیحدگی پن کے احساس کو جنم دیا ہے جوکہ بہتر ڈھنگ سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ایسے غیرضروری فیصلے بھیانک ثابت ہوں گے کیونکہ سرکاری ملازمین کسی بھی عوامی انتظامیہ میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں اور اُن کے خلاف اِس طرح کی پیش رفت شرمندگی کا معاملہ ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر حکومت کو چاہئے کہ ایسے متنازعہ قوانین متعارف کرنے سے اجتناب برتاجائے جس سے صرف حکومت اور ملازمین کے درمیان خلاء پیدا ہوگی جوکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ’’ اس طرح کے سخت گرین قوانین کی کوئی ضرورت نہیں ۔ اگر کسی کو کسی مجرمانہ اور ملک دشمن سرگرمی کا مرتکب پایا جاتاہے، موجودہ قوانین میں ایسی کافی دفعات موجود ہیں جن کے ذریعے ایسے افراد کو سزا دی جا سکتی ہے‘‘۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے گذارش کی ہے کہ اِس سیاہ قانون پر نظرثانی کی جائے او متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کریں کہ جلد سے جلد اس قانون کو کالعدم کیاجائے۔ ادھر اعجازاحمدخان نے سرکاری ملازمین کی چھان بین کیلئے سرکارکی جانب سے خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل کوبلاجواز اورغیرضروری اقدام سے تعبیر کرتے ہوئے واضح کیاکہ کوئی بھی سرکاری ملازم کبھی ملک یاقوم دشمن نہیں ہوسکتاہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے سرکاری ملازمین کی خدمات کومثالی قرار دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران تمام ترمشکلات وخطرات کے باوجودیہاں کے ملازمین نے جس تن دہی ،لگن اورجذبہ خدمت خلق کے تحت اپنے فرائض انجام دئیے ہیں ،وہ سیول سروسزکی تاریخ کاایک سنہرا باب ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق اپنے جاری کردہ بیان میں اعجاز احمدخان نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ٹاسک فورس تشکیل دینے سے لاکھوں ملازمین میں بلاوجہ کی تشویش پیداہوگئی ہے ،جس سے اُن کوفرائض کی انجام دہی میں بھی مشکلات پیش آرہے ہیں ۔
دمحال ہانجی پورہ میں بہار کا شہری فوت
خالد جاوید
کولگام//دمحال ہانجی پورہ میں بہار کا ایک شہری ہسپتال میں فوت ہوا۔ 35سالہ محمد آزاد عالم ولد غلام محی الدین ساکنہ بہار نے دوران شب چھاتی میں درد کی شکایت کی۔اس موقعہ پر مذکورہ شہری کو علاج و معالجہ کیلئے ضلع ہسپتال کولگام لایاگیا تاہم اس کی وہاں پر موت واقع ہوگئی۔ مذکورہ شہری بٹھی پورہ دمحال ہانجی پورہ میں ایک دکان میںکرتا تھا۔ قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد پولیس نے لاش کوورثاء کے سپرد کی۔
سرحدوں پر صورتحال پُرامن: دلباغ سنگھ
جموں//جموں وکشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے سنیچر کو کہا کہ سرحدوں پر صورتحال بڑی حد تک پرامن ہے اور امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو مؤثر طریقے سے نمٹا جائے گا۔دلباغ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ کویڈ 19 کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔پولیس سربراہ نے کہا’’جموں و کشمیر میں امن کو یقینی بنانے کیلئے پولیس دیگر فورسز کے ساتھ پوری لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے، سرحدوں پر صورتحال بڑی حد تک پر امن ہے اور امن میں خلل ڈالنے کی ہر کوشش کو موثر طریقے سے نمٹا جائے گا‘‘۔وہ یہاں 32 ویں پولیس عوامی میلہ میں جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کرنے کے لئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ڈی جی پی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کویڈ19پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں ۔انہوں نے کہا ’’جموں و کشمیر میں کویڈ 19کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت مند لوگوں کو ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈی جی پی نے موجودہ پولیس ہیڈ کوارٹر میں پولیس کے اعلی افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس دوران موجودہ سیکورٹی منظرنامے ، کویڈ 19کی تیاریوں اور فورس کے عمومی انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈی جی پی نے افسران سے کہا کہ وہ تمام سہولیات کو فوری طور پر بحال کریں جو گذشتہ سال قرنطین مراکز کے لئے قائم کی گئیں تھیں۔ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کے دوران ، ڈی جی پی نے مرکزی علاقوں کے سیکیورٹی منظرنامے کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار رہیں۔
ہیلتھ کیئر فرم میں خدمات کی دین | کشمیر یونیورسٹی کے24طلاب میںنوکریوں کے آرڈر تقسیم
سرینگر //کشمیر یونیورسٹی کے کیریئر پلاننگ اینڈ کونسلنگ سینٹر (سی سی پی سی) نے ہفتے کو ایک معروف ہیلتھ کیئر فرم کی طرف سے ان طلاب میں ملازمت کے اجازت نامے پیش کئے گئے جن کی خدمات مذکورہ ہیلتھ کیئرفرم نے حاصل کی تھیں۔ خطوط تقسیم کرنے کیلئے آن لائن پروگرام کا اہتمام کیا۔یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی سے تعلق رکھنے والے 24 طلاب کو ایک معروف صحت کی دیکھ بھال کرنے والی کمپنی (Fortune 500) سائنس منصوبوں کے لئے منتخب کیا۔تمام منتخب طلبا کو ای میل کے ذریعہ آفر لیٹر بھیجے گئے تھے ۔رجسٹرار یونیورسٹی آف کشمیر ڈاکٹر نثار احمد میر، جو تقریب میں مہمان خصوصی تھے، نے منتخب طالب علموں میں ملازمت کیلئے سی سی پی سی کے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کے برانڈ ایمبیسیڈر ہوں اور سخت محنت کریں تاکہ مزید کمپنیاں مزید طلبہ کو یونیورسٹی سے ملازمت فراہم کرتی رہیں ۔ ڈائریکٹر سی سی پی سی پروفیسر محمد شفیع نے کیمپس میں تقرریوں کی صورتحال اور مرکز کے مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی۔280 سے زائد طلباء نے ہیلتھ کیئر فرم کے پاس دستیاب دو قسم کی پوزیشنوں کے لئے درخواست دی تھی۔ آن لائن اسکریننگ ٹیسٹوں کے سلسلے کے بعد ، 48 طلبا کو انٹرویو کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا اور آخر کار 24 طلبا کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
کوروناوائرس سے صحتیاب ہوئے مریض | N440Kکی ہیت سے دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں :ڈاک
سرینگر //ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ جو لوگ کووڈ 19کی وبائی بیماری سے صحتیاب ہوئے ہیں ،وہ وائر س کی نئی میوٹنٹ N440Kسے دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ہے کہ کوروناوائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد بھی کووڈ کی نئی ہیت N440kسے دوبارہ متاثر ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ نئی ہیت بھارت کے مختلف شہروں میں نمودار ہوئی ہے اور وادی میں بھی داخل ہوسکتی ہے ۔ آندھرا پردیش کے کرنول میڈیکل کالج کے ذریعہ کی جانے والی ایک تحقیق کے حوالے سے ڈاکٹر نثار نے کہا کہ N440K مختلف حالت مدافعتی ردعمل سے بچ سکتی ہے اور اس کی وجہ سے اس کو دوبارہ سے متاثر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا یہ نتیجہ نوفائدہ اور کرنول میں پائے جانے والے دو نو کیسوں کی بحالی کے معاملے کے مطالعے پر مبنی تھا جس سے ان میں مختلف حالت موجود ہے۔انہوں نے مزید کہاN440Kکی غیر جانبدارانہ اینٹی باڈیوں کے خلاف مزاحمت سے موجودہ دستیاب ویکسین کی تاثیر پر مضمرات پڑسکتے ہیں جن کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ڈاک کے صدر نے کہا کہ یہ فرق ایک ایسے وقت میں پایا گیا ہے جب کوویڈ ایک بار پھر وادی میں پھیل رہاہے۔انہوں نے کہا زیادہ جینیاتی جانچ سے یہ ہی پتہ چل سکے گا کہ N440K معاملات کی بحالی کے پیچھے متحرک قوت ہے یا نہیں۔ڈاکٹرنثارالحسن نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی مجموعی طور پر 19 جینیاتی مختلف شکلیں ہندوستان میں پائی گئیں ہیں جو اینٹی باڈیز کو غیر موثر بنانے سے بچنے کے لئے تیار ہوئیں ہیں۔بھارت میں 19 مدافعتی فرار سے متعلق مختلف حالتوں میں سے N440K کی مختلف حالتیںجو حالیہ مہینوں کے دوران تیار ہوئیں ایسا لگتا ہے کہ اس سے دوبارہ انفکشن ہوسکتا ہے ۔ڈاکٹر نثار نے کہا یہ تبدیلی ہندوستان کی جنوبی ریاستوں میں بہت زیادہ پھیل رہی ہے۔
کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے انتخابات | غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی
سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے26 اپریل کو ہونے والے انتخابات غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کئے گئے ہیں۔ چیمبر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سال2020-21کے جو انتخابات 26اپریل کو امرسنگھ کلب میں منعقد ہونے والے تھے،کو ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کی جانب سے جاری حکم نامہ کے تناظر میں موخر کیا گیاہے۔ چیمبر کا کہنا ہے کہ ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے کورونا وائرس کے نتیجے میں مزید احکامات تک ان انتخابات کو ملتوی کرنے کا حکم جاری کیاہے۔ چیمبر کا کہنا ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کے دفتر سے جونہی انتخابات منعقد کرانے کے سلسلے میں مطلع کیا جائے گا،تو ممبران کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔
کورونا ٹیسٹوں کی سہولیات | بھارتی فضائیہ نے لداخ میں 1700کلوگرام سامان پہنچایا
سرینگر// مرکزی زیر انتظام علاقے لداخ میں کورونا ٹیسٹوں کی سہولیات میں مدد کیلئے بھارتی فضایہ نے ہفتہ کو1700کلو گرام ساز و سامان پہنچایاجس میں بائیو سیفٹی کیبنٹس اور ٹیسٹنگ سے متعلق دیگز ساز و سامان بھی شامل ہے۔ یہ ساز و سامان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسریچ انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹو میڈیسن نے فراہم کئے ہیں۔ بھارتیہ فضایہ کے چنوک اور ائے این32ہیلی کاپٹروں نے850کلو گرام فی ہلی کاپٹر یہ ساز و سامان اٹھایا،جن میں4 بائیو سیفٹی کیبنٹس بھی شامل ہیں،کو کرگل اور لیہہ پہنچایا۔ جموں نشین دفاعی ترجمان لیفٹنٹ کرنل دیوندر آنند نے کہا کہ ایک کروڑ روپے کا یہ ساز و سامان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسریچ انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹو میڈیسن نے مرکزی زیر انتظام خطے لداخ کیلئے فراہم کیا ہے۔گزشتہ برس کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسریچ انڈین انسٹی چیوٹ آف انٹی گریٹو میڈیسن کے ڈائریکٹر ڈی ایس ریڈی نے سن فارما کے اشتراک سے کاروباری سماجی ذمہ داری کے حصے کے طور پر لداخ کو دینے کا وعدہ کیا تھاتاکہ مرکزی زیر انتظام والے خطے کے دونوں اضلاع میں کورونا کی ٹیسٹنگ صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔ لداخ میں152کورونا کے تازہ کیس سامنے آئے ہیں جس کے نتیجے میں اس خطے میں مجموعی طور پر اس بیماری میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد13ہزار89پہنچ گئی۔ لداخ میں کورونا سے متعلق135اموات بھی سامنے آئی ہیں جن میں لیہہ میں91اورکرگل میں44شامل ہیں۔
حکومت پیشگی انتظامات کریں: وکیل
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے سینئرنائب صدر عبدالغنی وکیل نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاپر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر میں کورونا بحران کو مد نظر رکھتے ہوئے پیشگی میں ہی اقدامات کئے جائیںتاکہ اس لہر کا مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا حکومت سرکاری و نجی اسپتالوں میں معقول آکسیجن اور ادویات کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ پہلے سے ہی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اگر صورتحال خراب ہو تو اس وقت انتظامیہ و طبی ڈھانچے پر زیادہ دبائو نہ پڑے۔ وکیل نے کہاکہ اس وقت بحرانی وقت ہے تاہم جموں کشمیر میں ابھی حالات قابو سے باہر نہیں ہوئے اور انتظامیہ کے پاس کافی وقت دستیاب ہے کہ وہ ادویات،آکسیجن اور اسپتالوں میں کورونا بیماروں کیلئے بستروں کو دستیاب رکھے۔ وکیل نے کہا کہ خاص طور پر ضلعی اسپتالوں کی طرف دھیان دینے کی ضرورت ہے۔اس دوران انہوں نے لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے طبی اداروں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری رہنما اصول اور معیاری عملیاتی طریقہ کار پر عمل کریںاور اپنی ذمہ داری نبھا کر جموں کشمیر کو ایک اور دہلی بننے سے روکے۔
امام بارگاہیں بھی استعمال کیلئے تیار | انجمن شرعی شیعیان کی گورنر انتظامیہ کو پیشکش
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کی طرف سے کورونا وائرس کے دوران عوام اور متاثرین کی راحت رسانی کے لئے دو سال پہلے تشکیل دئے گئے QRTکا ایک اجلاس تنظیم کے صدر آغا سید حسن کی صدارت میں منعقد ہوا جس میںکورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال اور لاحق خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تنظیم کی QRTکو ایک بار پھر متحرک کیا جائے گا تاکہ ضرورت پڑنے پر سال 2019کی طرح عوام کی راحت رسانی اور متاثرین کی مدد کے لئے حتیٰ المقدور کردار ادا کیا جاسکے ۔اجلاس میں گورنر انتظامیہ کو پیشکش کی گئی کہ ضرورت پڑنے پر انجمن شرعی شیعیان کے امام باڑوں،حوزیہ علمیہ، اسکولوں اور دیگر کارآماد موقوفاتی عمارتوں کا استعمال کر سکتی ہے۔
مفت راشن کی فراہمی خوش آئند اقدام |اسکیم کے تحت سبھی زمروں کو لایا جائے:اشرف میر
سرینگر//اپنی پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے رواں برس مئی اور جون میں غریب کنبوں میں مفت راشن فراہم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ ایک بیان میں میر نے کہاکہ خط افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والوں کو مفت راشن مہیا کرنے کا وزیر اعظم کا اعلان خوش آئندہے جس سے اِس مشکل گھڑی میں کئی کنبوں کو فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ سال 2019سے جموں وکشمیر نے پہلے ہی بہت زیادہ اقتصادی بدحالی کا سامنا کیاہے جس کی وجہ سے یہاں لوگوں کو اپنے روزمرہ اخراجات کو پورا کرنے کے لئے بھی کمائی کرنا مشکل ہورہاہے۔ میر نے مطالبہ کیاکہ عوام میں اعتماد سازی کے لئے خصوصی اقدام کے طور ’پی ایم غریب کلیان ان یوجنہ‘کے تحت جموں وکشمیر کے سبھی کنبوں کو اس زمرے میں لایاجائے۔میر نے کہاکہ کووڈ 19کی وجہ سے زرعی پیداوارا خاص طور دھان کی فصل بُری طرح متاثر ہوئی اور اب حکومت ِ ہند کی ذمہ داری بنتی ہے کہ نقصانات کا ازالہ کیاجائے۔ سماج کے اقتصادی طور کمزور طبقہ جات راشن فراہم کرنا خوش آئند قدم ہے لیکن حکومت کو چاہئے کہ اِس پالیسی کو جامع نوعیت کا بنایاجائے۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم | ماگام اور اننت ناگ میں 4افراد گرفتار
سرینگر//پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ماگام اور اننت ناگ میں 4افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کی ہے۔ماگام تھانہ کی ایک پولیس پارٹی نے سنیچر کی صبح اگرکلان کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو مشکوک حالت میں روکا ، جس نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اسے پکڑ لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 220گرام چرس برآمد کرلیا گیا۔گرفتار کئے گئے شخص کی شناخت بشیر احمد بٹ ساکن لالپورہ کنزر بارہمولہ کے طور پر ہوئی ہے۔ماگام تھانہ نے اس سلسلے میںکیس زیر ایف آئی آر نمبر 57/2021 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ماگام پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران کائوسہ ناربل کے نزدیک تلاشی کے دوران ایک شخص کو مشکوک حالت میں گھومتے ہوئے پایا ۔اس کی تلاشی کے دوران 205 گرام چرس نمو شے برآمد ہوئی ۔مذکورہ شخص کی شناخت سمیر احمد صوفی ساکن زنیہ کورٹ ایچ ایم ٹی سرینگر کے بطور ہوئی ہے ۔ تھانہ پولیس ماگام نے اس کے خلاف کیس زیر ایف آئی آر نمبر 58/2021 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی۔اس دوران اننت ناگ میں تھانہ مٹن کی پولیس پارٹی نے نینل کے مقام پر ایک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 500گرام بھنگ پاؤڈر اور 9 کلوگرام بھنگ اسٹرا برآمد ہوئی۔ ملزم کی شناخت بلال احمد لون ساکن کریڈیزل نانیل اننت ناگ کے بطو رہوئی ہے۔
محکمہ پشو پالن نے عالمی دن منایا
سرینگر // محکمہ پشوپالن کشمیر نے سنیچر کواپنا عالمی دن منایا۔ محکمہ کے ڈائریکٹوریٹ میں منعقد ہونے والی اس تقریب کے دوران کووڈ 19رہنما خطوط کا خاص خیال رکھا گیا ۔محکمہ کے ڈائریکٹر پرنما متھل نے اس تقریب کی صدارت کی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر نے اپنی معمول کی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنے پر محکمہ کے ملازمین اور افسران کی تعریف کی ۔انہوںنے افسران کو مشورہ دیا کہ آنے والے وقت میں زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ کام کریں۔اس دوران کووڈ 19کے دوران محکمہ کے ملازمین کے کام کاج اور ان کی مصروفیات کے حوالے سے بھی روشنی ڈالی گئی ۔اس پروگرام کا اختتام محکمہ میں بہترتین خدمات انجام دینے والوں میں توصیفی اسنادکی تقسیم کے ساتھ ہوا۔
چرار شریف میں 6دکانیں زمین بوس ہونے پر راتھر کا اظہارِ افسوس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر نے گلشن آباد چرار شریف میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں زمین کھسکنے کے بعد 6دکانیں زمین بوس ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان دکانداروں کو کم شرحوں پر قرضہ جات فراہم کئے جائیں تاکہ یہ لوگ اپنا روزگار ازسرنو کھڑا کرسکیں۔ راتھر نے کہا کہ گذشتہ مہینو ں میں چرار شریف میں زمین دھنس جانے کے واقعات رونما ہوئے جن میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا لیکن ابھی ان متاثرین کی کوئی امداد نہیں کی گئی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ ایسے متاثرین کی راحت کاری کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
بارہمولہ ضلع کو دو قومی پنچایت ایوارڈ
بارہمولہ // ضلع بارہمولہ نے قومی پنچایت راج 2021 کے موقع پر ترقیاتی پیرامیٹرز میں عمدہ کارکردگی کے لئے دو قومی پنچایت ایوارڈ حاصل کرلئے۔وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقدہ ایک تقریب کے دوران رفیع آباد کے علاقہ کی گرام پنچایت کنگروسا کنڈی نے دین یال اپادھیائے پنچایت ساشاتی کرن پرسکار اور گرام پنچایت اچھیبل نادی ہل کو چائلڈ فرینڈ لی گرام پنچایت ایوارڈ ملا۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے اس کامیابی سے وابستہ متعلقہ کارکنوں کی تعریف کی ہے اور کہا کہ مزید جوش اور لگن کے ساتھ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ضلع بھی دوسرے شعبوں میںروشن ہو سکے۔
جمعیت ہمدانیہ اورنیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے ڈاکٹر مشتاق احمد ہمدانی ساکن راجباغ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ حاجی عبدالرشید گانی ، مولانا شوکت حسین کینگ، پیرزادہ عبدالرشید ، محمد اشرف عنایتی، پیرزادہ محمد یاسین اور حاجی مسعودالحسن سمیت دیگر کئی افرادنے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔ ادھر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گہرے صدمے کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔
امام حی اور حقانی ٹرسٹ کا جامع مسجد کے مؤذن کی رحلت پراظہار رنج
سرینگر//مرکزی جامع مسجد سرینگر کے امام حی مولانا سید احمد سعید نقشبندی نے جامع مسجد کے مؤذن اور نعت خوان محمد یاسین خان کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔مولانا نے غمزدہ کنبے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامع مسجد میں اس کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ادھر حقانی میموریل ٹرسٹ نے محمد یاسین خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہارکیاہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سیکریٹری بشیر احمدڈار نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔