نئی دہلی// اترپردیش کے کانگریس کے انچارج اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے منگل کو ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو ایک خط لکھ کر کورونا میں مبتلا لوگوں کو فوری طور پر راحت دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ریاست کے دیہی علاقوں میں کورونا کی جانچ نہیں کی جارہی ہے اور شہروں میں بھی لوگوں کو کورونا کی جانچ میں مشکل پیش آرہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اسپتالوں میں بیڈ ، آکسیجن اور دوائیوں کی بہت بڑی قلت ہے اور کورونا ادویات کی زبردست بلیک مارکیٹنگ ہورہی ہے ۔کانگریس جنرل سکریٹری نے یوگی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہاکہ "لوگوں کو تنہا اس لڑائی میں کورونا سے لڑنے کے لئے مت چھوڑیں۔ وزیر اعلی کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے اور ہیلتھ ورکرز اور فرنٹ لائن ورکرز کے لئے معاشی پیکیج کا اعلان کرنا چاہئے ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا سے جنگ چار بنیادوں جانچ ، علاج ، نگرانی اور ویکسینیشن پر منحصر ہے لیکن اترپردیش میں جانچ بہت کم ہو رہی ہیں۔ دیہی علاقوں میں جانچ نہیں کے برابر ہے اور ویکسینیشن کی رفتار بہت سست ہے ۔کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اترپردیش میں کورونا جانچ کی حالت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 23 کروڑ کی آبادی کے لئے حکومت کے پاس صرف 126 سرکاری اور 115 نجی جانچ مراکز موجود ہیں۔ متاثرہ افراد کو ایمبولینس کے لئے 12،12 گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے ۔