پونچھ//پورے ملک کی طرح جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کورونا کے معاملات سامنے آنے کے بعد مزید پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے 60گھنٹوں کا ہفتہ وار مکمل لاک ڈاؤن کے دوران ہفتہ کے روز سخت پابندیاں عائد رہی ۔اس دوران جمعہ کو شام سات بجے سے پیر کی صبح سات بجے تک لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جس کے ساتھ کئی پابندیاں اور سختیاں بھی عائد کی گئی۔ انتظامیہ کے اس فیصلے پر ملا جلا عوامی ردِ عمل سامنے آرہا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ کے ضلع صدر امن ڈابر کا کہناہے کہ سنیچر اور اتوار کو لاک ڈاؤن سے کورنا وائرس کے پھیلائو کو اگر روکا جا سکتا ہے تو یہ عوام کے لئے قابلِ برداشت ہوسکتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ کے قدم کی ستائس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کی روک تھام کے لئے لاک ڈاؤن ضروری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن لگانے کا مقصد کورونا وائرس کی زنجیر کو توڑنا ہے اس پر لوگوں کو سنجیدگی کے ساتھ عمل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہفتہ واری لاک ڈاؤن لگانے کے ساتھ ساتھ گائیڈ لائن پر عوام کو سختی سے عمل پیرا ہونے کی ترغیب د ینے اور زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن ڈرائیو کو بڑھانے کے اقدام اٹھائے۔ ایک مزدور کا کہنا تھا کہ وہ ددہاڑی دار مزدور ہیں جو دن میں کماتے ہیں رات کو اسی بر گزر بسر کرتے ہیں لاک ڈون کی وجہ سے وہ بیروزگار ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا ہفتہ واری لاک ڈاؤن میں مزدوروں کی زندگی مکمل طور پر متاثر ہو جاتی ہے اور سرکار کی جانب سے ان مزدوروں کو راحت پہنچانے کے لئے کوئی اقدام نہیں ہوا ہے۔