سرینگر//نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ڈیلی ویجروں اور دیگر عارضی ملازمین کی تنخواہوں کو فوری طور پر واگزار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کئی کئی مہینوں کی تنخواہوں سے محروم ہیںاور یہ طبقہ اس وقت کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کررہا ہے۔ترجمان نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ 8500کے قریب نیشنل ہیلتھ مشن ورکروں کی تنخواہیں بند پڑی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ این ایچ ایم ورکر کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر صف اول پر کام کررہے ہیں لیکن ان کی حوصلہ افزائی ہونے کے بجائے انہیں اپنے حق سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ایس آر ٹی سی ملازمین کو بھی تنخواہیں واگذار نہیں کی گئی ہیں۔ ترجمان نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ عید کے پیش نظر عارضی ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر واگذار کی جائیں اور مستقبل میں بھی اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انہیں ہر ماہ تنخواہیں فراہم کی جائیں۔