سرینگر //وادی کے تمام کووڈ اسپتالوں میں آکسیجن کے معقول اور موثر استعمال کیلئے ڈیویژنل کمشنر کشمیر کی صدارت میں ایک تربیتی ورکشاپ منعقد ہوا۔ ورکشاپ کے دوران آکسیجن کی صحیح ترسیل، لیکیج اوردوران استعمال آکسیجن ضائع ہونے کے واقعات کو روکنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ورکشاب کا انعقاد کوویڈ کنٹرول روم کشمیر اور نیشنل ریسورس فیکلٹی اور مہاراشٹر سرکار کے صلاح کار ڈاکٹر کستوب بتولہ، پی جی آئی چندی گڑھ میں شعبہ ہوسپلٹل ایڈمنسٹریشن کے سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر پنکج ارورہ اور ڈاکٹر سونالی سولی شاما کے تعاون کیساتھ کیا گیا۔ورکشاپ میں سکمز صورہ، جے وی سی بمنہ، صدر اسپتال سرینگر، سی ڈی اسپتال ، کشمیر ویلی نرسنگ ہوم اور عناواری اسپتال کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ ورکشاپ کے دوران آکسیجن کے آڈٹ اور ترسیلی نظام پر نظر رکھنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ صوبائی سطح کی کمیٹی روزانہ آکسیجن پلانٹوں کا معائنہ کرے گی جہاں وہ آکسیجن لیکیج اور دیگر ترسیلی نظام کا جائزہ لیا کرے گی۔ اس موقع پر ڈیویژنل کمشنر نے زور دیا کہ ایک تربیت یافتہ عملہ اس کام پر لگایا جائے جو ہر روز کویڈ اسپتالوں کے سربراہان کو رپورٹ کریں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈائریکٹر سکمز صورہ اور دیگر افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ آکسیجن کی سپلائی رکھیں اور مرکزی سرکار بمشول مہاراشٹرا سرکار کو رپورٹ جمع کریں۔ ڈیویژنل کشمیر کشمیر نے ضلع سطح کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ وہ آکسیجن کے ترسیلی نظام پر نظر رکھ کر صوبائی کمیٹی کو جانکاری دیں گے۔