سرینگر//ضلع انتظامیہ نے ڈل جھیل میں شکارا والوں میں راشن کٹ تقسیم کئے۔یہ امدادی کٹ ان غریبوں کو امداد کی صورت میںپیش کئے گئے جن کی معیشت کوویڈ 19 وبائی امراض کی دوسری لہر کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے ڈل جھیل کے مختلف گھاٹوں پر شکارا والوں میں 300 کے قریب کٹ تقسیم کئے۔تقسیم کاری کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر سید حنیف بلخی ، تحصیلدار خانیار اور دیگر متعلقہ افسر ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔دریں اثناء شکارا مالکان ایسوسی ایشن نے محکمہ سیاحت کے توسط سے وبائی امراض کے دوران شکارا والوں کے حق میں امدادی رقم میں توسیع کرنے پر ایل جی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے شکارا والوں کو راشن کی امداد فراہم کرنے پر سرینگر کی ضلعی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔