ضلع ترقیاتی کمشنروں کی میڈیا بریفنگ
کووِڈ – 19پر قابو پانے کے اقدامات سے آگاہ کیا
سرینگر//بارہ مولہ،بانڈی پورہ، شوپیان اور بڈگام کے ڈپٹی کمشنروں نے جمعرات کو میڈیا نمائندوں کوکورونا وائرس بیماری کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کئے گئے اقدامات اور کووِڈ مریضوں کو اسپتالوں میں دستیاب علاج اور دیگر اموار کی جانکاری دی۔بانڈی پورہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع اِنتظامیہ کے کووِڈ۔19مینجمنٹ اور کنٹرول اِقدامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں شفایابی کی شرح گزشتہ دنوں کے مقابلے میں 84 فیصد سے بڑھ کر 96 فیصد ہوگئی ہے جبکہ ضلع میں مثبت معاملات کی شرح6 فیصد ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ ضلع میں 7,552 مثبت معاملات میں سے اَب تک زائد اَز 6,328 اَفراد اس مرض سے شفایاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 1142 فعال مثبت معاملات سرگرم ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع اِنتظامیہ کووِڈ۔ 19 ایس او پیز کے ساتھ سختی سے عمل پیرا ہونے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے اور کسی بھی طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ کے پاس 1100 بستروں کی گنجائش ہے جو مثبت معاملات کی تکمیل کرسکتی ہے جن میں 180 آکسیجن معاون بستر بھی شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنربارہ مولہ نے مختلف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سے موجود مراکز کے علاوہ 05 اضافی کووِڈ۔ 19 فلاح و بہبود کے مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں تاکہ بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لئے مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ایم سی بارہمولہ میں ایک اچھی طرح سے لیس اضافی وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے جس میں مریضوں کا مؤثر علاج کیا جاسکتا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے آکسیجن کی فراہمی کی دستیابی کے بارے میں جانکاری دی کہ اس وقت ضلع میں 03 آکسیجن پلانٹ کام کر رہے ہیں اور اس کے سٹاک پوزیشن کو بڑھانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آکسیجن کی فراہمی کی قلت کے بارے میں فکر کرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ڈپٹی کمشنر شوپیاں سچن کمار واشیا نے ضلع میں کووڈ 19 وبائی مرض کی موجودہ صورتحال کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے تمام رہنما خطوط ، ایس او پیز پر عمل پیرا رہنے کیلئے لوگوں سے اپیل کی ۔ اس موقعہ پر ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کووڈ مثبت مریضوں کی صحت یابی کی شرح میں بہتری آ رہی ہے جبکہ اموات کی شرح میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور کورونا کرفیو نافذ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ لوگ پریشانی کا شکار ہوں بلکہ انتظامیہ کا مقصد لوگوں کی قیمتی جانیں بچانا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے باہر آنے سے باز آنے کی اپیل کی اور مہلک وائیرس کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے گھر میں رہنے کو ترجیح دیں ۔ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ( ڈی ڈی سی ) بڈگام شہباز احمد مرزا نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ کووڈ کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ایس او پیز اور دیگر ہدایات پر عمل کریں ۔ ڈی ڈی سی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اپریل 2021 کے بعد سے اب تک 9030 مثبت واقعات ریکارڈ کئے گئے تھے ، ان میں سے 4871 صحت یاب ہوئے ہیں فی الحال 4295 مثبت معاملات ہیں جبکہ ریکوری ریٹ 53.9 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔
کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وفدمشیر سے ملاقی
لاک ڈائون سے متاثرسماج کے کمزور طبقوں کو امداد دینے کا مطالبہ
سرینگر//کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کاایک وفد صدر عاشق حسین اور جنرل سیکریٹری فاروق امین کی قیادت میں لیفٹینٹ گورنرکے مشیر بصیراحمد خان سے ملاقی ہوااور ان پر زوردیا کہ سماج کے اقتصادی طور کمزور طبقے جو کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے سخت متاثر ہوئے ہیں ،کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔وفد نے کووِڈ- 19 پر قابو پانے کیلئے حکومت کے اقدامات کی ستائش کی اور اس متعدی بیماری کو پھیلنے سے روکنے کیلئے حکومت کو ہر قسم کی حمایت دینے کایقین دلایا۔ایک بیان کے مطابق انہوں نے کووِڈ کرفیوسے متاثر سماج کے طبقے کیلئے امدادی پیکیج کی اپیل کی۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنر کا کووِڈ متاثرہ لوگوں کیلئے امدادی اقدامات کا اعلان کرنے کیلئے شکریہ اداکیا۔قابل ذکر ہے کہ کشمیرچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی درخواست کے بعدحکومت نے تمام رجسٹرڈ تعمیراتی مزدورں ،مرکبانوں،پالکی والوں،پٹھو والوںکیلئے راحت اقدامات کااعلان کیا ۔انہوں نے لیفٹینٹ گورنر سے سماج کے دیگر طبقوں جن کا گزارہ دن بھر کی کمائی پرمنحصرہے،جن میں دستکار،ٹرانسپورٹر،چھوٹے دکاندار،چھاپڑی فروش،اورصنعتی مزدور شامل ہیں،کیلئے بھی امدادی اقدامات اور معاوضہ دینے کی بھی اپیل کی۔چیمبر ترجمان کے مطابق وفد نے تجویز پیش کی کہ انہیں ماہانہ مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ دووقت کی روٹی کا بندوبست کرسکیں۔وفد نے سماج کے اس طبقے جس کاروزگار کووِڈ لاک ڈائون کی وجہ سے چھن گیا ہے ،ماہانہ5000روپے کی امداد دینے کی تجویز پیش کی۔وفد نے لاک ڈائون میں توسیع کے پیش نظر غریبی کی سطح سے نیچے گزر بسر کرنے والوں کیلئے مفت راشن کی سہولیات مزید دوماہ تک جاری رکھنے کی بھی مانگ کی۔
اوڑی میں نالے سے نوجوان کی لاش بر آمد
ظفراقبال
سری نگر// اوڑی میں ایک نالے سے نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ اوڑی میں جمعرات صبح لوگوں نے نالے میں ایک نوجوان کی لاش کو دیکھا اور فوری طور پولیس کو مطلع کیا۔پولیس کی ایک پارٹی نے موقعہ پر پہنچ کرلاش کو اپنی تحویل میں لیا ۔پولیس نے قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعدلاش لواحقین کے حوالے کی۔ لاش کی شناخت الطاف احمدولدشیراحمدپسوال عمر35سال ساکن گوہالن اوڑی کے طور ہوئی ۔پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کی موت نالے میں گرکر ہوئی ہے ،تاہم کیس درج کرکے پولیس نے تحقیقات شروع کی ہے۔
ہرپنچایت میں کورونامریضوں کیلئے پانچ بیڈ مخصوص رکھنے کاحکم
سرینگر//وادی بھر میں تمام پنچایتوں میں کورونامریضوں کیلئے پانچ پانچ بسترمخصوص رکھنے کے ناظم صحت نے احکامات جاری کئے ہیں۔جمعرات کو فائنانشل کمشنر صحت وطبی تعلیم اٹل ڈلو کی ہدایت پرناظم صحت نے یہ حکم جاری کیا۔ صحت محکمہ کے ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے کہا کہ وادی میں کورونا وائرس کے وباء کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ناظم صحت نے چیف میڈیکل افسروں کو ہر پنچایت میں پانچ پانچ بیڈ کورونا مریضوں کیلئے مخصوص رکھنے کا حکم دیا۔ناظم صحت نے کپوارہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں صحت سہولیات کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ایک میٹنگ میں طویل تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے طبی ملازمین کو ہر قسم کا تعاون دینے کا یقین دلایا تاکہ کورونا سے بچائو کے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جاسکے ۔اس دوران ضلع کے چیف میڈیکل افسر بھی میٹنگ میں موجودتھے۔ناظم صحت نے چیف میڈیکل افسر اور بلاک میڈیکل افسروں کو فائنانشل کمشنر کے احکامات پر من وعن عمل کرنے کی ہدایت دی ۔میٹنگ کے دوران دیہی علاقوں میں کورونا وباء کو پھیلنے سے روکنے پر توجہ مرکوز کی گئی اورآشاورکروں،آنگین واڑی ورکروں ،مقامی پنچایت کے ممبران اور مقامی رضاکاروں پر مشتمل محلہ کمیٹیاں قائم کرنے پرزوردیاگیا۔ناظم صحت نے کہا کہ طبی افسر علاقہ کے نوڈل افسر کے طور کام کریں گے اور محلہ کمیٹیوں کو الگ تھلگ رکھے گئے مریضوں پرنگاہ رکھنے کیلئے تربیت دیں گے ۔
مندر سے متعلق اطلاع جھوٹی
شر پسند عنا صرکیخلاف کارروائی ہوگی
سرینگر//نیوز ڈیسک// پولیس نے جمعرات کو واضح کیا کہ شہر کے کسی بھی حصے میں کسی بھی مندر کو نذر آتش نہیں کیا گیا ہے اور اس کی اطلاعات جعلی اور غلط ہیں۔سری نگر پولیس نے جمعرات کو سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایسا واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ’’جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور قانونی کارروائی کی گئی ہے۔‘‘اس سے قبل ، سوشل میڈیا سائٹ پر یہ خبریں وائرل ہوگئی تھیں کہ سری نگر کے علاقے صورہ میں ایک مندر میں آگ لگ گئی۔
بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے پرہیزکیاجائے
میڈیکل کالج سرینگر کے معالج کی لوگوں کوسخت احتیاط برتنے کی صلاح
سرینگر//کووِڈ- 19کو ایک خوفناک اور مہلک بیماری قرار دیتے ہوئے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے میڈیسن شعبہ کے پروفیسر ڈاکٹر عشرت حسین ڈار نے کہا کہ اس سے بڑے پیمانے پر تباہی اور اموات ہوسکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر نہایت ہی متعدی ہے اور زیادہ تر جوان لوگوں کو اپنا شکار بناتی ہے اور اس سے بہت سے لوگ اب تک مرچکے ہیں ۔ڈاکٹر عشرت نے اس سلسلے میں ماسک پہننے کو ضروری قرا ردیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بھیڑ بھاڑ یا سماجی تقریب جیسے مذہبی مقامات،اسپتال،دفتر،بازاراور گھروں میں لوگوں کو تین تہوں والی سرجیکل یا کاٹن ماسک پہننی چاہیے تاکہ وہ خود کو محفوظ رکھ سکیں ۔ انہوں نے فلٹر والی ماسکوں کونہ پہننے کی تاکید کرتے ہوئے گھروں میں بھی لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی صلاح دی اور گھر میں بھی سماجی دوری قائم رکھنے پرزوردیا۔انہوں نے بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی تلقین کی کیوں کہ اس سے انفیکشین لگنے کااحتما ل ہوتاہے جوکسی بھی فرد کی صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ مسافر گاڑیوں میں بھی مسافروں کومتعددتہوں والی ماسک پہننی چاہیے۔انہوں نے کووِڈ مریض کے گھروالوں کو زیادہ احتیاط برتنے کی تاکید کی اور محفوظ پروٹوکول پرسختی سے عمل کرنے پروزردیا۔
بزرگ اور ناخیز افراد کے حق میں وظیفہ واگزار کیا جائے:شمیمہ فردوس
سرینگر// نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے اولڈ ایچ پنشن حاصل کرنے والے مرد و زن اور جسمانی طور ناخیز افراد کو گذشتہ5ماہ سے ماہانہ مشاہرہ سے محروم رکھے جانے پر زبردست تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہری، بیوائیں اور جسمانی طور ناخیز پہلے ہی کسمپرسی کی حالت میں ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ ایسے حالات میں حکومت کی ذمہ داری بنتی تھی کہ ایسے محتاجوں کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کیا جائے تاہم افسوس کی بات ہے کہ یہ لوگ گذشتہ5ماہ سے مشاہیرے سے محروم ہیں۔ انہوں نے وشل ویلفیئر حکام پر زور دیا کہ ان مفلس اور نادار لوگوں کے حق میں فوری طور پر مشاہیرہ واگذار کیا جائے۔
بانڈی پورہ میں کووِڈ کے215نئے معاملے
بانڈی پورہ //عازم جان //گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بانڈی پورہ ضلع میں کورونا وائرس کے 215تازہ معاملے سامنے آئے ہیں جو ڈاکٹروں کے مطابق ضلع میں اب تک کووِڈ معاملوں میں سب سے بڑی اُچھال ہے۔بلاک میڈیکل افسر بانڈی پورہ ڈاکٹر مسرت اقبال نے کہا کہ بانڈی پورہ بلاک میں چھ مائیکرو کنٹینمنٹ زون ہیں ان میں 215مثبت معاملوں میں 111بانڈی پورہ بلاک،87حاجن بلاک،17گریز بلاک میں سامنے آئے۔معلوم ہوا ہے کہ137کیس RT-PCRٹیسٹ اور78معاملےRAT ٹیسٹ سے سامنے آئے۔
سکمز میں22مئی کوعطیہ خون کا کیمپ
سرینگر//جی آ ر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے سکمزمیں 22مئی بروز سنیچر وار کوعطیہ خون کا ایک کیمپ منعقد کیا جارہا ہے ۔ کیمپ کا افتتاح سکمز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے جی آہنگر کریں گے ۔ ٹرسٹ نے اس سلسلے میں عام لوگوں خاصکر رضاکار نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ اس کیمپ میں خون کاعطیہ کرکے ضرورتمند مریضوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا رول اداکریں ۔ اس موقع پرایڈیشنل کمشنر سیکریٹری قاضی سرور اور ایڈیشنل ڈائریکٹرسکمز ڈاکٹر ریاض احمد وانی اور دیگر فکلٹی ممبران اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود رہیں گی ۔یہ کیمپ سکمزکے آڈٹوریم میں صبح گیارہ بجے شروع ہوگا۔
پلوامہ میں آیوش کٹ تقسیم
سرینگر//پلوامہ میں محکمہ آیوش کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میںسی ایم او افس پلوامہ میں بھی آیوش کٹ فراہم کئے گئے۔ سی ایم او پلوامہ ڈاکٹر میر حسینہ نے آیوش دوائوں کی تقسیم کاری کا افتتاح کیا۔ ڈاکٹر علی محمد ریشی ڈی این او پلوامہ نے کووڈ۔19 کی روکتھام میں آیوش اور قوت مدافعت بڑھانے والی دوائوں کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ادھر پلوامہ کے صحافیوں میں بھی آیوش کٹ فراہم کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے آیوش یونٹ ضلع اسپتال پلوامہ کے انچارج افسر ڈاکٹر محمد الطاف شاہ نے بتایا کہ پلوامہ کے صحافیوں میں چند دنوں کے اندر مفت آیوش کٹ فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی حفاظت یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گنڈ کنگن کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت شیخ محمد یوسف کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران خصوصاً مرحومہ کے فرزند اور بلاک صدر گنڈ شیخ معروف الدین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر میاں الطاف احمد، محمد سعید آخون، ایڈوکیٹ شوکت احمدمیر، ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار نے بھی مرحومہ کے لواحقین کیساتھ تعزیت کی ہے۔