بانہال// سرینگر ۔جموں شاہراہ پررام بن سیکٹر میں فورلین تعمیراتی کمپنی چودھری پاور پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کی بلیورو گاڑی جمعہ کو ڈگڈول کے پاس حادثے کا شکار ہوکر قریب چار سو فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں کمپنی کے 2 ورکر اور2 افسر زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمی افسروں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے جبکہ دو زخمی ورکر رام بن ضلع ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے زخمیوں کی شناخت عادل شریف ولد محمد شریف ساکنہ چندر کوٹ ، مدثر احمد ولد احمد ساکنہ سنگلدان دو شدید زخمی افسران کی شناخت ورن چودھری ساکنہ رائے پوری جموں اور گورو کمار ولد اومیش کمار ساکنہ بہار کے طور کی ہے۔
دریں اثناءبدھ کو گاڑی سمیت دریائے چناب میں لاپتہ ہوئے بجنور یو پی کے چھ مسافروں کی تلاش کے باوجود کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔