مینڈھر //ضلع پونچھ کے داخلی پوائنٹس بھمبر گلی میں پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیمیں پوری طرح سے متحرک ہو کر کام کررہی ہیں جس کے دوران مسافروں کی جانچ کے بعد ہی ان کو ضلع میں داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے ۔انتظامیہ نے بتایا کہ کووڈ کے مشکل وقت میں ضلع میں داخلے سے قبل بھمبر گلی کے مقام پر انتظامیہ کی جانب سے ٹیموں کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ کووڈ کے سلسلہ میں ان کا معائینہ کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت اور پولیس کی ٹیمیں 24گھنٹوں متحرک ہو کر کام کررہی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ ضلع میں گاڑیوں کے ذریعہ داخل ہونے والی سبھی مسافروں کے معائینے کو یقینی بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ ان کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ ضلع میں دیگر مقامات سے بغیر ٹیسٹ کے کوئی بھی فرد داخل نہ ہو ۔غور طلب ہے کہ اس سلسلہ میں گاڑیوں کا مکمل معائینہ کرنے کےلئے انتظامیہ کی جانب سے بھمبر گلی اور دیرہ گلی میں چیک پوسٹ قائم کی گئی ہیں ۔پولیس اور محکمہ صحت نے لوگوں بالخصوص مسافروں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ تعینات ٹیموں کےساتھ تعاون کریں ۔