پونچھ// یوتھ ایسوسی ایشن فار سروس آف ہیومین اینڈ نیشن (یشن) تنظیم کے رضاکاروں نے دور دراز اور سرحدی گاؤں بگیال درہ میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں کلسان اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے بھی شرکت کی ۔اس دوران جہاں تنظیم کی جانب سے ماہر ڈاکٹروں نے مقامی مریضوں کا طبی معائنہ کر کے ان کو مفت ادویات فراہم کی وہیں تنظیم کے رضاکاروں نے ویکسی نشن کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا۔تنظیم کے چیئر مین امتیاز سلاریہ نے اس دوران شہریوں کو افواہوں اور غلط بیانیوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے اپنی باری آنے پر ویکسین کے ٹکے ضرور لگانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کوویڈ جیسی مہلک بیماری سے لڑنے کے لئے واحد ہتھیار ہے۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر جیسے صفائی ، معاشرتی فاصلے ، ہاتھ دھونے اور ماسک پہننے یا چہرے کو ڈھکنے والے کپڑے کا استعمال کرنے اور پر ہجوم جگہوں پر اور اجتماعات سے اجتناب کر نے کی عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی ضلع پونچھ میں طبی سہولیات کا فقدان ہے اس لئے ہمارے پاس احتیاط کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے ضلعی مجسٹریٹ سے اپیل کی کہ پنچائتی سطح پر ویکسی نیشن کی مناسب فراہمی کو بھی یقینی بنائیں اور ویکسی نیشن کے نتائج روزانہ شائع کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا فرض ہے کہ ویکسین کی اس قومی مہم کو اولین ترجیح دی جائے اور اس بیماری سے نمٹنے کے لئے ہر شخص کو قطرے پلائے جائیں۔ اس دوران سرحدی گاؤں کے لوگوں یشن تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔