سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے جمعیت کے مفتی عام مولانا محمد یعقوب بابا المدنی کے والد محمد حسین بابا کے انتقال پر رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ جمعیت صدر نے فقید کے اوصاف جمیلہ اور اخلاق حمیدہ کو عقیدت کا زبردست خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مرنج و مرنجاں شخصیت کی سادگی، نرم دلی، تحمل، بر دباری، خندہ روئی اور دین مبین سے والہانہ لگائو نے انہیں ہر دل عزیز بنایا تھا اور ہر کس و ناکس کیلئے وہ ہمہ وقت خیر کی دعائیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقعہ پر جمعیت اہلحدیث سے وابستہ ہر پیر و جوان سوگوار بھی ہے اور دل فگار بھی اللہ تعالی ان کی سیات سے درگذر فرمائے ،حسنات کو قبول کرکے انہیں جنت کے ارفع مکانات کا مکیں بنادے ۔جمعیت کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی زندگی کا ہر گوشہ دیدہ زیب اور پروقار تھا اُن کی ساری زندگی جفاکشی، مروت ، مودت، سادگی و صلہ رحمی و شفقت سے عبارت تھی اور اُن کے چلے جانے سے جو خلا پیدا ہوا اللہ تعالی اُسے پورا فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے۔اُدھر جموں، کشمیر و لداخ ،اطراف و اکناف اور عرب سے مسلسل جمعیت اور مفتی بابا کو تعزیت کے پیغامات موصول ہورہے ہیں جن میں اس غم میں اپنی کامل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔ جمعیت کے شعبہ مسلم و صحافت کے جملہ اسٹاف اور اس کے سربراہ بشارت بشیر نے بھی رنج والم کی اس گھڑی میں مفتی بابا کے ساتھ قلبی ہمدردی ظاہر کی ہے۔ جمعیت کے اہتمام سے قائم سبھی کلیات و مدارس کے اساتذہ و طلاب کے علاوہ سلفیہ مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ، دارلمواسات، جمعیت کے جملہ شعبہ جات، شعبہ طب و صحت، مرکزی دار الافتاء ، ٹی، ایم، یو ڈائگناسٹک سنٹر اور اس کی تمام شاخوں ، جمعیت کے جملہ شیوخ، علماء کرام، فضلاء عظام و خطباء حضرات کے ساتھ ساتھ مرکزی دفتر کے جملہ ملازمین و اہلکاروں نے اس کر بناک گھڑی میں مفتی بابا کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ادھرریاست کے معروف عالم دین مفتی مولانا محمد یعقوب بابا کے والد محترم کے انتقال پر اور وادی کے معروف سیاسی ، سماجی و ملی خادم میر غلام محمد ساقی کی ہمشیرہ کی وفات پر انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو و سرپرست انجمن مولانا شوکت حسین کینگ و دیگر اراکین تنظیم نے زبردست خراج عقیدت کے پیغام میں کہاکہ مفتی صاحب کی گراں قدر دینی اور اسلامی اتحاد و اتفاق کیلئے گراں قدر کوششوں اور غلام محمد میرساقی کی یکرو سماجی و سیاسی خدمات مرحومین کیلئے بہترین صدقہ جاریہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ مفتی بابا و غلام محمد میر ساقی کے لواحقین کو ہم عمیق گہرائیوں سے تعزیت و اللہ تعالی سے صبر جمیل کیلئے دعا کرتے ہیں۔