بْزلہ بانہال // محکمہ زراعت کی طرف سے ضلع رام بن سب ڈویژن بانہال کے بْزلہ علاقے میں جمعرات کے روز زمینداروں کی آگاہی اور مٹر اور آلو کی کاشتکاری کیلئے ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کی صدارت چیف ایگریکلچر آفیسر رام بن فاروق احمد بٹ نے کی۔اس موقع پر سب ڈویژن بانہال کے بْزلہ علاقے میں تجرباتی طور کی گئی مٹر کی کاشت پر زمینداروں کی کاوشوں کی پذیرائی کی گئی جس سے زمینداروں کو خاطر خواہ فائیدہ ہوا ہے۔ چیف ایگریکلچر آفیسر رام بن فاروق احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہ ان علاقوں میں لوگ سال میں ایکبار صرف مکئی کاشت کرتے تھے اور اب محکمہ ایگریکلچر کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے لوگوں کو اچھا فائیدہ ہورہا ہے اور ان کی آمدنی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال دسمبر کے مہینے میں مٹر کی کاشت کی گئی جس سے زمینداروں کو فائیدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر زمینداروں نے مٹر کو چالیس روپئے فی کلوفروخت کیا گیا اور آئندہ سے اس کاشت سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جوڑا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال آلو کی کاشت کیلئے بھی آلو کے اعلی اقسام کے بیج لائے گئے ہیں اور امید ہے کہ یہ بھی اس پہاڑی علاقے کے لوگوں کیلئے فائیدہ مند ثابت ہوگا۔