سرینگر//ایک فیصلے میں جموں و کشمیر ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ نے آج مخصوص وقت کیلئے رہنے والے میوہ کو مختلف مقامات تک پہنچانے کیلئے گو ائر لائن کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ۔ سول سیکریٹریٹ میں زراعت و محکمہ باغبانی کے پرنسپل سیکریٹری نوین کمار چودھری کی موجودگی میں مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے ۔ اس موقعہ پر پرنسپل سیکریٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم اقدام سے جموں و کشمیر کے میوہ کاشتکاروں کو تقویت ملے گی اور ان کی آمدنی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ دیہی معیشت کو بھی فروغ ملے گا ۔ نوین چودھری نے مزید کہا کہ حکومت پھلوں کے کاشتکاروں کو باغبانی اور زرعی پیداوار کی جموں و کشمیر کے باہر نقل و حمل کیلئے فرج وین کی سہولت فراہم کرے گی جس کیلئے حکومت جلد ہی فیصلہ لے سکتی ہے ۔ اس ایم او یو کے تحت ائر لائن 24 روپے ، 34 روپے ، 47 روپے ، 48 روپے اور 50 روپے جموں اور سرینگر سے بالترتیب دہلی ، ممبئی پونے ، چنئی ، کولکتہ اور بنگلور تک پرشیبل فروٹ کی نقل و حمل کیلئے وصول کرے گی ۔ کاشتکار براہ راست ائیر لائن سے رجوع کر سکتے ہیں اور مذکورہ نرخوں پر اپنی پیداوار لے سکتے ہیں ۔ خاص طور پر حکومت نے اس سلسلے میں ائیر لائن سے بولی طلب کی تھی اور گو ائر لائینز کو اس کیلئے منتخب کیا گیا کیونکہ اس نے پرشیبل پھلوں کی نقل و حمل کیلئے فی کلو گرام سب سے کم نرخوں کی پیش کش کی تھی ۔