سرینگر// پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دو دن مستحکم رہنے کے بعد ایک بار پھر اضافے کے ساتھ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ملک کے چار بڑے میٹرو میں پٹرول 27 پیسے اور ڈیزل 30 پیسے مہنگا ہوا۔ اس کی وجہ سے ممبئی میں پٹرول 101 روپے اور ڈیزل 93 روپے فی لیٹر کے قریب پہنچ گیا۔دہلی میں ایک لیٹر پٹرول 94.76 روپے اور ڈیزل ایک لیٹر 85.66 روپے ہوگیا۔4 مئی سے لے کر اب تک 18 دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جبکہ باقی 14 دن تک قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر روزانہ صبح 6 بجے سے نئی قیمتیں نافذ کی جاتی ہیں۔نئی مقرر شدہ قیمتوں کے مطابق سرینگر میں پیٹرول فی لیٹر97.92روپے جبکہ ڈیزل فی لیٹر89.31روپے ہوگیا ہے۔ادھر ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے افراط زر میں اضافہ کے پیش نظر مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس اور سرچارج کو کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔آر بی آئی کے ذریعہ جاری مالیاتی پالیسی کے بیان میں مالی سال 2021-22 کی مہنگائی کے اندازوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ’’پٹرول اور ڈیزل کے مہنگا ہونے کے سبب بڑھتے ہوئے لاگت کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ ایکسائز ڈیوٹی ، سرچارجز اور ٹیکس کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘