سرینگر/ / نیشنل کانفرنس ضلع سرینگر کی خواتین ونگ کا ایک اجلاس پارٹی ہیڈکوارٹر پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس نے کی جبکہ صوبائی صدر صبیہ قادری ،صوبائی عہدیداران اور ضلع سرینگر کی بلاک صدور صاحبان ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پارٹی امورات اور تنظیمی سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیالات کے علاوہ ممبرشپ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات بھی اُجاگر کئے ۔ بیشتر شرکاء نے بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی کے بارے میں جانکاری دی۔ شمیمہ فردوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر سرینگر کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور ضروریات زندگی کی اشیاء دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ساتویں آسمان کو چھو رہی ہے اور موسم گرما میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے جبکہ بہت تمام سڑکوں پر ابھی تک میکڈم نہیں بچھایا گیا ہے۔ صبیہ قادری نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ ممبر شپ مہم میں تیزی لائیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ خواتین عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات کو اُجاگر کرنے کے علاوہ ان کا سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔