نئی دہلی //اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت میں ایک بار پھر سیاسی بحران پیدا ہو گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت نے بی جے پی صدر جے پی نڈّا سے جمعہ کو ملاقات کر ایک خط سونپا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہتے ہیں۔ استعفیٰ کی پیشکش کے پیچھے کی وجہ آئینی بحران پیدا ہونا بتایا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تیرتھ سنگھ راوت نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ آرٹیکل 164 اے کے تحت وزیر اعلیٰ بننے کے 6 مہینے میں اسمبلی رکن بننا ضروری ہے، لیکن آرٹیکل 151 کے مطابق اگر الیکشن میں ایک سال سے کم وقت ہو تو ضمنی انتخاب نہیں کرائے جا سکتے۔ ایسے میں اتراکھنڈ میں آئینی بحران کھڑا ہونے کا اندیشہ ہے، اس لیے میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دینا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ تیرتھ سنگھ راوت حال ہی میں دہلی آئے تھے جہاں انھوں نے بی جے پی صدر جے پی نڈّا اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقت کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی کہا جا رہا تھا کہ اتراکھنڈ حکومت میں کوئی اہم تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔