جموں//جموں وکشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ پروفیسربھیم سنگھ نے سب کو واضح طور پر بتایا کہ پینتھرس پارٹی جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے لئے زور دے رہی ہے نہ کہ صوبہ کشمیر کی جموں سے علیحدگی کے لئے۔ انہوں نے پینتھرس پارٹی کے تمام اضلاع کو سمجھانے کے لئے واضح کیا کہ پینتھرس پارٹی جموں، کشمیر اور لداخ کے کنفیڈریشن کے لئے لڑ رہی ہے، تاکہ لداخ سمیت ریاست جموں و کشمیر کے تمام خطوں کو ترقی، معاشی فوائد اور علاقائی اتحاد کو فروغ دینے کے مساوی مواقع حاصل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ پینتھرس پارٹی کسی بھی حالت میں جموں وکشمیر یا لداخ کو علیحدہ نہیں ہونے دے گی۔ جموں وکشمیر اور لداخ کی تمام ضلعی کمیٹیوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاست کی تنظیم نو پر زور دے رہی ہے تاکہ اس کے تمام خطوں کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں۔انہوں نے ہندوستان کے صدر رامناتھ کووند سے درخواست کی کہ لداخ کے ساتھ جموں وکشمیر کا ریاست کے درجہ بحال کیا جائے، جسے مہاراجہ گلاب سنگھ نے 1846 میں قائم کیا تھا اور آج کی آبادی کی بنیاد پر ایڈہاک حد بندی کے ساتھ فوری طورپر اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔سیکرٹریٹ کو ہر سال کشمیر سے جموں اور جموں سے کشمیر منتقل کرنے میں خرچ ہونے والے تمام بجٹ، اخراجات اور رقم جموں و کشمیر اور لداخ کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے ملازمت، نوکری یا کام کے لئے خرچ کی جانی چاہئے، اس سے ہر سال بچنے والے تقریباً 400کروڑ روپے سے یہاں کے 80فیصد بیروزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار ملے گا۔تمام خطوں خاص طورپر پونچھ، راجوری، بنی، بسوہلی، بلاور، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن، ماہور سمیت رام نگر تحصیل پنچاری، چنینی، پٹنی ٹاپ اور وادی کشمیر میں سیاحتی مقامات کی سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دی جانی چاہئے۔ جموں وکشمیر کے تینوں خطوں پر مرکزی حکومت کی طرف سے احتیاط کے ساتھ اور ایمانداری سے ریاست کے اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے مناسب مالی مدد فراہم کرکے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ صوبائی انتظامیہ کو فروغ اور مضبوط کیا جائے تاکہ کسی بھی طرف سے علاقائی تفریق کی شکایت نہ ہو۔پروفیسر بھیم سنگھ نے سب کو آگاہ کیا کہ جموں و کشمیر، جو ہمارے آباؤ اجداد نے قائم کیا تھا، الگ نہیں کیا جائے گا اور تمام سیکولر اتحاد کو قائم رکھیں گے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے آل انڈیا ریڈیو کے غلط بیانات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مہاراجہ گلاب سنگھ نے 1872 میں دربار موو نظام مشروع کیا تھا۔ حقیقت / تاریخ یہ ہے کہ یہ دربار موو سسٹم مہاراجہ گلاب سنگھ نے شروع نہیں کیا تھا بلکہ مہاراجہ رنبیر سنگھ نے 1872 میں شروع کیا تھا۔