سری نگر //پولیس سربراہ نے ڈیوٹی کے دوران فوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کو مالی مدددینے کیلئے 70لاکھ روپے کی رقم کی خصوصی امداد کو منظوری دی۔ایک بیان کے مطابق ان اہلکاروں میں اے ایس آئی حافظ الرحمن ۔ ہیڈ کانسٹیبل عبد المجید اور نور محمد جو دوران ڈیوٹی علالت کے سبب انتقال کر گئے تھے، کے اہلخانہ کے حق میں فی کس 19 لاکھ روپے کی خصوصی امداد منظور کی ہے ،جبکہ پی ایچ کیو نے اپنے متعلقہ یونٹوں کے ذریعے آخری رسومات ادا کرنے کے لئے فوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے ورثاء کو پہلے ہی ایک لاکھ روپے ادا کئے ہیں۔ یہ امداد پولیس ویلفیئر فنڈ سے واگزار کی گئی۔اس کے علاوہ دوران ملازمت فوت ہونے والے ایس پی اوکیول سنگھ اور جانکی رام کے ورثاء کے حق میں ساڑھے چار چارلاکھ روپے کی رقم بطور خصوصی امداد کو منظوری دی گئی جبکہ فوت ہو نے والے ان ایس پی اوز کے اہلخانہ کو آخری رسومات ادا کرنے کے لئے پہلے ہی50000 روپے کی رقم ادا کردی گئی ہے ۔یہ رقم ایس پی اوز کے ویلفیئر فنڈ سے واگزار کی گئی۔پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد فلم فلاحی اسکیمیں دردست لی گئی ہیں جن سے براہ راست ہزاروں کی تعداد میں پولیس ملازمین کے علاوہ ان کے اہلخانہ بھی مستفید ہو رہے ہیں۔