سری نگر//پولیس نے بدھ کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے قصبہ پلوامہ میں شبانہ مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے تین جنگجووں کو جاں بحق کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ قصبہ پلوامہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران تین جنگجووں کو جاں بحق کیا گیا ہے۔
پولیس نے پہلے ٹویٹ کے ذریعے مسلح تصادم اور بعد میں جنگجووں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی۔
پولیس نے اگر چہ فوری طور تینوں جاں بحق جنگجوﺅں کی شناخت نہیں کی تاہم بتایا کہ ان میں اعجاز عرف ابو ہریرہ نامی ایک لشکر کمانڈر بھی شامل ہے جو بقول پولیس پاکستان کا باشندہ تھا۔
اس سے قبل پولیس اور دیگر فورسز نے دوران شب پلوامہ قصبہ میں ایک مخصوص علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران طرفین کا آمنا سامنا اور گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ گولیوں کے اسی تبادلے میں پولیس کے مطابق تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق جنگجوﺅں کی تحویل سے ہتھیار اور گولہ بارود بر آمد ہوا ہے۔