سرینگر//وادی کے سب سے بڑے سنڈے مارکیٹ میں قریب 6ماہ بعد دوبارہ کاروباری سرگرمیاں شروع ہوئیں جس دوران لوگوں نے عید الاضحی کے پیش نظر جم کر خریداری کی ۔ کووڈ19کی دوسری لہر شروع ہونے کے ساتھ ہی مارچ میں سنڈے مارکیٹ مکمل طور بند ہوا تھااور چھاپڑی فروشوںکو اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم عید الاضحی کے پیش نظرقریب 6ماہ بعد سنڈے مارکیٹ دوبارہ کھل گیا ۔ سنڈے مارکیٹ میںسینکڑوںکی تعداد میں چھاپڑی فروشوں نے مختلف سازوسامان سجایا تھا ۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ سنڈے مارکیٹ پہنچے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ۔ سنڈے مارکیٹ میں خواتین نے کئی طرح کے چیزوں کی جم کر خریداری کی جن میں زیادہ ترملبوسات شامل ہیں ۔ سنڈے مارکیٹ وادی کاایک وہ واحدمارکیٹ ہے جہاں پر اس تعدادمیں لوگ خریداری کرتے ہیں۔ سنڈے مارکیٹ سے جڑے کئی افراد نے بتایاکہ اس مارکیٹ کی وجہ سے ہی ان کے اہل خانہ کا پیٹ پلتا ہے۔ سنڈے مارکیٹ ہزاروں لوگوں کیلئے روزگارکا ذریعہ ہے جن میں چھاپڑی فروشوں کے علاوہ ، مسافر گاڑیاں ، آٹو ڈرائیور ، لوڈ کیریر اور دیگر لوگ شامل ہیں ۔ کئی چھاپڑی فروشوںنے انتظامیہ کا شکریہ اداکیا کہ انہیں عید کے پیش نظریہاںپر بیٹھنے کی اجازت دی گئی ۔