سرینگر//ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بانڈی پورہ نے سنیچر کو ضلع میں سماج کے پسماندہ اور کمزور طبقوں سے وابستہ زیر سماعت متعدد قیدیوں کے افراد خانہ کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی۔ سیکریٹری لیگل سروسز اتھارٹی فائق نذیر نے کہا کہ جموں وکشمیر سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین جسٹس علی محمد ماگرے کی ہدایت پرپیرا لیگل رضاکاروں نے ان کنبوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پیرالیگل رضاکاروں کو یہ ہدایت دی گئی تھی کہ وہ سماج سے وابستہ کمزور اور پسماندہ زیر سماعت قیدیوں کے کنبوں کی شناخت کرکے مختلف فلاحی سکیموں کے تحت ان کی قانونی مدد کریں۔ فائق نذیر نے کہاکہ پیرا لیگل رضاکاروں نے ضلع کے دورافتادہ علاقوں جن میں زوری منز بھی شامل ہیں، دیکھا کہ زیر سماعت قیدیوں کے کنبوں کی حالت دل کو جھنجھوڑنے والی ہے۔ پیرا لیگل رضاکاروںکی ٹیم نے دورے کے دوران پایا کہ ایک کنبہ میں3سالہ اور10سالہ کمسن بچیاں ہیں جو آنکھوں کی بصیرت سے محروم ہیں اور وہ دماغی بیماری (cerebral palsy)میںمبتلا ہیں اور اس وقت ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے۔ فائق نذیر نے کہاکہ انہوںنے غیر سرکاری رضاکار تنظیم ’جموںوکشمیر ایسوسی ایشن آف سوشل ورکرس ‘سے مذکورہ کنبہ کی مدد کرنے کیلئے رابطہ کیا جبکہ دونوں cerebral palsy chairدونوں بچیوںکیلئے اُن دادی کو پیش کی گئی جبکہ ایک اور غیر سرکاری رضاکار تنظیم ’آرفینز ان نیڈ‘ نے کنبہ کو کھانے کی کٹ فراہم کی۔ فائق نذیر نے کہاکہ دونوں کمسن بچیوں کو سکالرشپ دینے کیلئے آرفینز اِن نیڈ نے کارروائی کی ہے۔ ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی نے مذکورہ کنبہ کو AAYسکیم کے تحت راشن کارڈ حاصل کرنے کیلئے مدد کی ہے۔
موکلوں کو احاطہ عدالت میں وکلاء سے ملنے کی اجازت
سرینگر//عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس نے عدالتوں میں عرض گزاروں کو احاطہ عدالت میں اپنے وکلاء کے چیمبروں میںملاقات کی اجازت دی ہے۔ راجسٹرار جنرل جواد احمد نے اس سلسلے میں ایک حکم نامہ میں جاری کیا جس میں چیف جسٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جموں کشمیر میں کووِڈ-19 کیسوں میں غیر معمولی کمی کے نتیجے میں عرض گزاروں کو عدالت کے احاطوں میں2اگست سے آنے کی اجازت ہوگی اور وہ اپنے وکلاء سے انکے چیمبروں میں مل سکتے ہیں،تاہم مزید احکامات تک عدالتوں میں ان کا داخلہ بدستور ممنوع ہوگا۔