سرینگر//15اگست کے سلسلے میں شہر سرینگر بشمول لالچوک کے گردونواح میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔جموں کشمیر انتظامیہ نے سبھی سکولوں کے منتظمین کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ترنگا لہرانے میں کوئی کاتاہی نہ برتیں ورنہ کارروائی ہوگی۔ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔امسال اگرچہ کوویڈ کے پیش نظر تقریبات مختصر طور پر منعقد کرنے اور اس میں سماجی دوری برتنے کی تاکید کی جارہی ہے لیکن سیکورٹی کے لحاظ سے سرکار کی جانب سے کوئی کوتاہی نہیں برتی جارہی ہے اور تقریبات کو احسن طریقے سے منعقدکرنے اور وادی میں امن و امان برقراررکھنے کی خاطر حفاظت کے سخت بندوبست کئے جارہے ہیں ۔ شہر سرینگر کے مختلف علاقہ جات بشمول لالچوک میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور جگہ جگہ رُکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں ۔ لالچوک کے تواریخی گھنٹہ گھر کے ارد گرد پولیس ، و فورسز کے اہلکار چاک و چوبند ہیں اور گھنٹہ گھر کے نزدیک بکتر بند گاڑیاں رکھی گئی ہےں ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام، پلوامہ اور شوپیاں میں بھی فوج و فورسز کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں ۔ادھر اننت ناگ کے ضلع ہیڈ کوارٹر کی طرف جانے والے راستوں پر بھی حفاظتی دستے تعینات کئے گئے ہیں ۔