سرینگر +شوپیان// ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ سرینگر میں ایک گرینیڈ دھماکے کے دوران2خواتین 10 شہری زخمی ہوگئے جبکہ زینہ پورہ شوپیان علاقے میں سیکورٹی فورسز پر جنگجوئوں نے حملہ کیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا کہ دن کے قریب اڈھائی بجے ، جب ہری سنگھ ہائی سٹریٹ چوک میں لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع تھی، تو جنگجوئوں نے فورسز کی ایک گاڑی پر دستی بم پھینکا ، تاہم یہ ہدف سے دور جاکر سڑک پر پھٹ گیا۔پولیس کے مطابق اس واقعہ میں 10 شہریوں کو چوٹیں آئیں جنہیں علاج کیلئے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ زخمی افراد میں زلیخاء اختر زوجہ محمد حافظ ساکن کرگل، عبدالغنی شاہ ولد عبدالاحد ساکن سیل بیروہ بڈگام، مشتاق احمد ساکن خمینی چوک بمنہ،اپرا زوجہ رنجیت بیرا ساکن کلکتہ حال ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، رنجن سنگھ ولد جنک سنگھ ساکن رام بن،طارق احمد ولد محمد شفیع ساکن برزہامہ،سہیل احمد ڈار ولد فاروق احمد ڈار ساکن چاڈورہ، اویس احمد ولد غلام محمد لاوے ساکن چھانہ پورہ،گلزار احمد گنائی ولد غلام محی الدین ساکن اجس بانڈی پورہ حال مگر مل باغ اور فردوس احمد کوٹا ولد غلام احمد ساکن بمنہ سرینگر شامل ہیں۔ اس موقعہ پر بڑے پیمانے پر افرا تفری مچ گئی اور بھاری بھیڑ تتر بتر ہوگئی۔ بعد میںپورے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا اور راہگیروں کی تلاشیاں لی گئیں۔ادھرضلع شوپیان کے کرالچک زینہ پورہ علاقے میں جنگجوئوں نے سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی جس سے ایک فورسز اہلکار زخمی ہوا۔پولیس نے کہا کہ جنگجوئوں نے منگل کی صبح 7بجے 178 بٹالین سی آر پی ایف کی ایک ناکہ لگانے والے پارٹی پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے ایک اہلکار اجے کمار زخمی ہوگیا جس کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے فوراً بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیااور تلاشیاں عمل میںلائی گئیں تاہم کسی کی گرفتاری نہیںہوئی ۔
لالچوک میں نوجوان گرفتار 2ہتھ گولے
بر آمد کرنیکا دعویٰ
سرینگر// پولیس نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں دھماکے کے بعد لالچوک میں ایک نوجوانوں کو2ہتھ گولوں سمیت گرفتار کرلیا۔کشمیر زون پولیس کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا’’ عادل احمد ساکن پلوامہ کو 2ہتھ گولوں سمیت حراست میں لیا گیا ہے، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، تحقیقات جاری ہے‘‘۔ بعض میڈیا رپورٹوں کے مطابق عادل احمد بٹ ساکن کھریو کو بسکو سکول فٹ پاتھ سے حراست میں لیا گیا۔مذکورہ نوجوان سینٹرل یونیورسٹی میں ماس کیمونکیشن میں پوسٹ گریجویشن کررہا ہے اور اسکا تعلق کسی میڈیا گروپ سے بھی بتایا گیا ہے۔ہلے اس بات کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسکے ساتھ زاہد احمد نجار نامی ایک ڈرائیور بھی گرفتار کیا گیا لیکن اسکی پولیس نے کوئی تصدیق نہیں کی۔