سری نگر// ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص سری نگر میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ سری نگر میں کئی مقامات بشمول تجارتی مراکز تاریخی لالچوک، جہانگیر چوک، بتہ مالو وغیرہ میں سیکورٹی فورسز نے ناکے لگائے ہیں جہاں لوگوں کی جامہ تلاشی کی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پیدل سفر کرنے والوں کو بھی ان ناکہ پوائنٹس پر روکا جاتا ہے اور ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے اور گاڑیوں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو بھی روکا جاتا ہے اور ان کی تلاشی اور پوچھ چھ کی جاتی ہے ۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ پارمپورہ میں شہر کی طرف جانے والی گاڑیوں کو روکا گیا اور ان میں سوار مسافروں کو نیچے اتار کر ایک ہی قطار میں کھڑا کر کے ان کی جامہ تلاشی لی گئی اور ان کے شناختی کارڈ دیکھے گئے ۔دریں اثنا پولیس نے سری نگر اور گرد و نواح علاقوں کی فضائی نگرانی کے لئے جمعرات کو لالچوک کے نزدیک واقع پرتاب پارک میں ڈرونز کا تجربہ کیا۔اس موقع پر پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ 15 اگست کے پیش نظر سول لائنز علاقوں کی ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے کہا،’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ 15 اگست یوم آزادی کا دن ہے ۔ کوٹھی باغ، بڈشاہ چوک، مائسمہ، ایم اے روڑ، ریگل چوک، پولو ویو اور ریزیڈنسی روڑ یہ سب حساس ترین علاقے ہیں۔ ہم نے ان علاقوں کی فضائی نگرانی کے لئے آج صبح زائد از ایک درجن ڈرون کیمرے فضا میں گردش کرائے ‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا،’’فضائی نگرانی کا یہ سلسلہ 15 اگست تک جاری رہے گا۔ ان ڈرونز کی مدد سے ہم کسی بھی تخریبی منصوبے کو ٹال سکتے ہیں‘‘۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ڈرونز کو سری نگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم جہاں یوم آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی اور دیگر گرد و پیش کے علاقوں کی فضائی نگرانی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔بتا دیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کریں گے ۔
شہید گنج کامحاصرہ اور تلاشیاں
نیوز ڈیسک
سرینگر// 15اگست کے پیش نظر کئے جارہے سخت سیکورٹی انتظا مات کے بیچ شہر کے کئی علاقوںکا جمعرات کومحاصرہ کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں پولیس اور نیم دستوں کی بھاری تعداد میں تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔ سی این ایس کے مطابق پند رہ اگست کی تقریبات کے پیش نظر سی آر پی ایف اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران سرینگر کے شہید گنج علاقہ کو محاصرے میں لیا اور تلاشی آپریشن شروع کردیا ۔فوج نے اس علاقہ کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے ، جس دوران نہ کسی کو وہاں کی طرف جانے اور نہ ہی کسی کو باہر آنے کی اجازت دی گئی۔ پولیس نے کہاکہ معمول کی تلاشی کاروائیوں کے سلسلے میں علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔انہوں نے کو بتایا کہ پولیس کے خصوصی آپریشن گروپ نے مشترکہ طور پر تلاشی لی بعد میں تلاشیوں کی کارروائی اختتام کو پہنچی ۔