بانہال//راشن کی عدم دستیابی کے خلاف تحصیل کھڑی کے سراچی علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بانہال میں احتجاجی مظاہرے کئے وہ علاقے میں موبائل سروس اور نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے اناج کی تقسیم کاری کو آن لائین سے آف لائین کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ آن لائین راشن کی تقسیم کاری کی وجہ سے وہ راشن کے حصول سے قاصر ہیں کیونکہ علاقے میں موبائل فون نیٹ ورک نا کے برابر ہے۔ سراچی سے آئے اس بڑے وفد کے احتجاجی مظاہرے کی قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر محمد سلیم بٹ کررہے تھے۔ احتجاجی مظاہرین نے ٹی ایس او بانہال کے دفتر میں اپنی روداد سنائی اور اپیل کی کہ علاقہ سراچی میں موبائل نیٹ ورک کی فراہمی تک آف لائین راشن تقسیم کیاجائے تاکہ غریب لوگوں کو بھوک اور بلیک مارکیٹنگ کی خرید سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے تحصیل انتظامیہ کے حکام سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دھانی کرائی گئی کہ ان کامعاملہ اعلی حکام سے اٹھایا جائیگا اور معاملات کو حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔