سرینگر //جنوبی ضلع کولگام میںقاضی گنڈ کے ملہ پورہ میربازار علاقے میں گذشتہ روز سہ پہر سے جاری معرکہ آرائی جمعہ کو ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے پر ختم ہوگئی۔ پولیس کے مطابق میر بازار میں گذشتہ روز سے جاری فورسز آپریشن ختم ہوگیا ہے اور شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ہے۔
آئی جی پی کشمیر وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا” کولگام میر بازار آپریشن اختتام کو پہنچ گیا،یوم آزادی سے قبل قومی شاہراہ پر ایک بہت بڑے سانحہ کو ٹالا گیا ہے، شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کیا جارہا ہے“۔
اس سے قبل پولیس نے ایک ٹویٹ کرتے ہوئے میر بازار آپریشن کے دوران ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی تاہم مذکورہ جنگجو کی شناخت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز سہ پہر کے قریب پولیس کے مطابق جنگجوﺅں نے میر بازار میں سرینگر۔جموں شاہراہ پر بی ایس ایف کی ایک کانوائے پرحملہ کیا،اس حملے میں اگرچہ کوئی زخمی نہیں ہواتاہم فورسز نے فوری طور علاقے کو گھیرے میں لیکر جنگجوﺅں کو محصور کردیاجس کے بعد مسلح تصادم آرائی شروع ہوئی۔جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو اہلکاراور دوشہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔