ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک بند، درجنوں دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں، تیز ہواؤں و شدید ڑالہ باری سے بڑے پیمانے پر فصلوں، باغات و زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اور رابطہ سڑکوں پر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ ادھر طوفانی بارشوں سے ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر بمو، بھٹیاس و منوئی کے نزدیک بھاری پسیاں و ملبہ آنے سے تین گھنٹوں تک ٹریفک نظام معطل رہا۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کو سہ ڈوڈہ کی تحصیل چلی پنگل، بھلیسہ، کاہرہ،چرالہ و دیگر مضافات میں شدید بارشوں کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں و ڑالہ باری شروع ہوئی جو مسلسل دو گھنٹوں تک جاری رہی. اس کے نتیجے میں فصلوں، پھلوں، سبزیوں و دیگر زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا جبکہ چھوٹے چھوٹے نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور سیلاب کی شکل میں سڑکوں پر پھیل گیا۔اس دوران ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر متعدد مقامات پر پسیاں، پتھر و ملبہ جمع ہونے سے تین گھنٹوں تک ٹریفک نظام معطل رہا اور سینکڑوں مسافر درماندہ رہ گئے۔ موسلا دھار بارشوں سے پانی و بجلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوا ہے۔ادھر ایس ایس بی کی 7ویں بٹالین کے جوان گینتی و بیلچہ لے کر ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر منوئی کے نزدیک آئے بھاری ملبے کو ہٹانے کا کام شروع کیا تاہم بعد میں مشین کو بھی جائے وقوعہ پر پہنچایا گیا۔