ڈوڈہ //ڈوڈہ کی تحصیل بھلیسہ ،چلی پنگل و کاہرہ میں ہفتہ کے روز بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئیں۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کو سہ پہر پھر سے ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جو دو گھنٹوں تک جاری رہی۔اس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور رابطہ سڑکیں زیر آب ہوگئیں۔مسلسل بارشوں سے فصلوں، پھلوں، تعمیرات و زرعی شعبے کو بھاری نقصان پہنچا ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔سابق سرپنچ لیاقت علی شیخ، سرپنچ پنچائت چلی بالا منیر احمد شیخ، بھاجپا ضلع جنرل سیکرٹری مہندر سنگھ سرمال و سابق سرپنچ جاوید اقبال زرگر نے حکومت سے کسانوں و زمینداروں کے لئے خصوصی پیکیج کو منظوری دینے و بارشوں سے پیدا عوامی مسائل کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔