نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں ایک ٹریکٹر ڈرائیور کی مشکوک موت کے بعد اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے معاملہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔نوجوان ڈرائیور کی شناخت 25سالہ اکاش کمار ولد جگھندر پال سکنہ ہندہان نوشہرہ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ سنیچر کی شام ہندہان گاﺅں کے مکینوں نے واٹر ٹینک کے قریب ایک لاش کو مشکوک حالت میں پڑے ہوئے دیکھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ لاش ٹینک کے قریب پارک کی گئی ایک ٹریکٹر ٹرالی کے قریب پڑی ہوئی ملی جس کے بعد پولیس کو مذکورہ لاش کے سلسلہ میں اطلاع دی گئی جس پر پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کےلئے نوشہرہ ہسپتال منتقل کیا ۔اس دوران اہل خانہ نے نوشہر میں سڑک کو بند کرتے ہوئے انتظامیہ کےخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ مقتول نوجوان گھر کا واحد کمائی کا ذریعہ تھا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان کو دن میں ہی قتل کیا گیا ہے لیکن پولیس نے اس سلسلہ میں کوئی کارروائی ہی نہیں کی ۔ نوشہرہ سب ڈویژن کے اعلیٰ آفیسران موقعہ پر پہنچے اور مظاہرین کو تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ۔