پولیس افسروں اورجوانوں کیلئے ’بڑاکھانا‘ کاانتظام کیا جائے؛امت شاہ
سرینگر//وزیرداخلہ امت شاہ نے 75ویں یوم آزادی کے موقعہ پرجموں کشمیر پولیس کے تمام اہلکاروں اور ان کے کنبوں کو مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔انہوں نے خواہش ظاہر کی ہے کہ ہرایک یونٹ افسروں اور جوانوں کیلئے ’بڑاکھانا‘ کااہتمام کرے گا۔انہوں نے میڈٖل حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی ہے اور شہیدوں کی قربانیوں کو خراج پیش کیا جنہوں نے ملک کی سالمیت اوریکجہتی کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا۔انہوں نے جموں کشمیرمیں تعینات فورسزاہلکاروں اور جموں کشمیر پولیس کے رول کی سراہنا کی ہے۔
جموں کشمیر پولیس کے بینڈ کو پہلی پوزیشن حاصل | پولیس سربراہ نے مبارکباد دی
سرینگر//یوم آزادی کے موقعہ پرشیرکشمیراسٹیڈیم سرینگر میں منعقدہ تقریب پرجموں کشمیر پولیس کے پائپ بینڈ،براس بینڈاورجموں کشمیرمسلح پولیس کے دستے نے پریڈ کے دوران اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرکے ادارے کا نام روشن کیا۔پولیس سربراہ دلباغ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس آرمڈایس جے ایم گیلانی اور پولیس کے اس دستے کو مبارکباد دی ۔انہوں نے ان کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان ٹکڑیوں کی کارکردگی نے ان کی لگن اور تندہی اورنظم وضبط کوظاہرکیاجو جموں کشمیر پولیس کے ہرشعبے میں پایاجاتا ہے۔ اتوار کو یوم آزادی کی پریڈ کے دوران پولیس کے پائپ بینڈ نے ہیڈ کانسٹیبل فاروق احمد کی قیادت میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جموں کشمیرپولیس کے براس بینڈ نے سب انسپکٹرمشتاق احمد کی قیادت میں تیسری پوزیشن بینڈوں میں حاصل کی جبکہ ڈی ایس پی دھیرج کمار کی قیادت میں آرمڈ پولیس کی ٹکڑی نے عمومی پریڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
عدالت عالیہ میں چیف جسٹس نے قومی پرچم لہرایا | ریذیڈنٹ کمشنردہلی اورمحکمہ اطلاعات کشمیرکے دفاتر میں تقاریب
سرینگر//سرینگرمیں جموں کشمیر ہائی کورٹ کے احاطے میں چیف جسٹس نے قومی جھنڈالہرایاجبکہ دہلی میں جموں کشمیرکے ریذیڈنٹ کمشنراور محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کے دفاتر میں بھی پرچم کشائی تقاریب کااہتمام کیا گیا۔جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس پنکج متل نے سری نگر میں ہائی کورٹ کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا۔اِس موقعہ پر جسٹس متھل نے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ اِس موقعہ پر جسٹس علی محمد ماگرے ، جسٹس دھیرج سنگھ ٹھاکر ، جسٹس وِنود چٹر جی کول ،جسٹس سنجے دھر ، رجسٹرارجنرل جواد احمد ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے، ایڈوکیٹ جنرل ڈی سی رینہ ،اے ایس جی آئی طاہر مجید ،میجر جنرل 31سب ائیریا وِشواس رائوپاٹل بھی موجود تھے۔تقریب میں رجسٹرار ویجی لنس ، ممبر سیکرٹری ایس ایل ایس اے ، پرنسپل سیکرٹری چیف جسٹس ، رجسٹرار جوڈیشل ، سی پی سی اِی کورٹس،جوائنٹ رجسٹرار جوڈیشل ، جوائنٹ رجسٹرار انسپکشن ، سینئر ایڈ وکیٹس، ایڈ وکیٹس ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرلز ، ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرلز او رہائی کورٹ کے عملے نے بھی موجود تھے۔جموںوکشمیر او رلداخ کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹروں پر بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں جہاں پرنسپل ڈسٹرکٹ اور سیشن ججوں نے اَپنے اَپنے اَضلاع میں تمام عدالتی اَفسران اور ضلعی عدالتوں کے ماتحت عملے کی موجودگی میں قومی پرچم لہرائے۔ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر جموں وکشمیر نیرج کمار نے75 ویں یوم آزادی کی تقریب کے سلسلے میں جموں وکشمیر ہاؤس نئی دہلی میں قومی پرچم لہرایا۔اِس موقعہ پر جے اینڈ کے آرمڈ پولیس کے ایک دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس دوران کووِڈ۔19 وَبائی امراض سے متعلق تمام احتیاطی پروٹوکال اور رہنما خطوط پر عمل کیاگیا ۔اس تقریب میں اے آر سی دفتر کے افسران نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پرایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے کہا کہ آج کے دِن ہم شہیدوں اور مجاہدین آزادی کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی آزادی ، وقار اور سا لمیت کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔اُنہوں نے تنوع میں اتحاد اور سا لمیت کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا اور کہایہ ایک تاریخی دن ہے جس دِن ہندوستان کو ایک آزاد قوم قرار دیا گیا ہے۔بعد میں ایڈیشنل ریذیڈنٹ کمشنر نے جے اینڈ کے ہائوس کے اَفسران اور ملازمین سے بات چیت کی اور اُنہیں توصیفی اَسناد سے نوازاگیا۔ڈائریکٹوریٹ آف اِنفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کمپلیکس میں یہاں 75واں یوم آزادی منانے کے لئے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن ( ہیڈ کوارٹر ) اِرشاد احمد نے ترنگا لہرا یا اور سلامی لی۔پرچم کشائی کی تقریب میں ڈائریکٹوریٹ اور جوائنٹ ڈائریکٹوریٹ دفاتر کے تمام اَفسران ، اہلکاروں اور دیگر عملے نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر جے ڈی آئی ( ہیڈ کوارٹر) نے 75ویں یوم آزادی کی تقریبات پر عوام کو گرمجوشی سے مبارک باد دی۔
جھیل ڈل میں75شکارائوں کی ریلی | بصیرخان نے روانہ کیا
سری نگر//75 ویں یوم آزادی کی تقریبا ت کے ایک حصے کے طور پر جسے’’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے طور پر منایا جار ہاہے ،لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے یہاں نہرو پارک ڈل جھیل میں ایک شکاراریلی کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ناظم اِطلاعات و تعلقات عامہ راہل پانڈے ، ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت ڈاکٹر احسان الحق چشتی اور محکمہ سیاحت کے دیگر اعلیٰ اَفسران بھی موجو دتھے۔اس موقعہ پر مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ اِ س برس کا یوم آزادی بہت اہمیت کا حامل ہے اور اس دِن کو ہم ’’ آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘ کے طور پر منارہے ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ دِن ہمیں اَپنے عظیم رہنمائوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ہمارے عظیم ملک کے لئے اَپنی جانیں قربان کیں۔ اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے کہا کہ حکومت ان تمام شراکت داروں کو مسلسل ہینڈ ہولڈنگ فراہم کر رہی ہے جو سیاحتی شعبے سے وابستہ ہیں ۔ اُنہوں نے اُن سے اپیل کی کہ وہ وقتاً فوقتاً حکومت کی جانب سے ان کے لئے دستیاب فوائد اور مراعات کا استفادہ کریں۔ یہ بات قابل ذِکر ہے کہ تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ 75 شکاریوں نے اس ریلی میں حصہ لیا تاکہ اس کے ساتھ 75 واں یوم آزادی ’’آزادی کا امرت مہااُتسو‘‘منایا جائے۔
کشمیریونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی میں قومی پرچم لہرائے گئے
سرینگر//کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرطلعت احمد نے یوم آزادی کے سلسلے میں کیمپس میں منعقدہ تقریب پرقومی جھنڈا لہرایاجبکہ اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ میں رجسٹرار نے ترنگا لہرایا۔ کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرطلعت احمد نے یوم آزادی کے سلسلے میں کیمپس میں منعقدہ تقریب پرقومی جھنڈا لہرایا۔اس موقعہ پر وائس چانسلر کے سیکریٹریٹ کے باہر منعقد تقریب میں یونیورسٹی کے سبھی شعبوں کے سربراہاں اوردیگرعملہ موجود تھا۔یونیورسٹی پولیس کے دستے نے تقریب پر گارڈ آف آنر پیش کیاجبکہ قومی ترانہ بھی گایاگیا۔وائس چانسلر نے اس موقعہ پر موجود لوگوں اور جموں کشمیر کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔قابل ذکر ہے کہ’ آزادی کاامرت مہااُتسو‘ پروگرا م کے سلسلے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کئی تقاریب کا اہتمام کیاگیاتھا۔اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں75ویں یوم آزادی کے سلسلے میں تقریب کااہتمام کیا گیا۔اس موقعہ پریونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسرنصیراقبال نے ترنگالہرایااوراس کے بعد قومی ترانہ گایاگیا۔اس موقعہ پر مختلف شعبوں کے ڈین ، سربراہ اوردیگرعملہ موجودتھا۔پروفیسرنصیرنے تقریب میں موجودلوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ فرقہ وارنہ بھائی چارہ ،امن اورہم آہنگی انسانیت کی مجموعی بہبودی کیلئے لازمی ہیں۔شرکاء نے اس موقعہ پرآزادی کی جدوجہد میں حصہ لینے والوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
ٹیگورہال میں تمدنی پروگرام کاانعقاد
سری نگر//کلچرل اکادمی کے اشتراک سے ٹیگور ہال سرینگر میں حب الوطنی کے موضوع پر ایک رنگارنگ تمدنی پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب پر سرینگر کے فنکاروں اور وادی کے کچھ نامور فنکاروں نے مل کر اپنی فنی کارکردگی سے سامعین کو مسحور کیا۔ فنکاروں نے حب الوطنی کے گیت پیش کیے جبکہ چند معروف شعراء نے وطن پرستی کے جذبات سے سرشار نظمیں کشمیری ، اردو ، گوجری ، پہاڑی اور پنجابی زبان میں سنائیں۔ کلچرل آفیسر کشمیر ، DIPR نے فنکاروں کو اپنی کارکردگی سے سامعین کو محفوظ کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو اکٹھا کرنے میں ثقافت کا بہت بڑا کردار ہے کیونکہ یہ امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیتی ہے۔ AECO سید شکیل شان نے ثقافتی شام کی میزبانی کرتے ہوئے مختلف صنفوں کے فنون کو اپنانے والے فنکاروں کو جدید خطوط پر پرفارم کرنے پر مبارکباد دی۔تقریب پر ایڈیشنل سیکرٹری کلچرل اکادمی ، این زیڈ سی سی کے افسران ، وادی کے معروف فنکاروں اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
ترال میں برہان وانی کے والد نے ترنگالہرایا
سری نگر//وادی کے باقی تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر ترال کی گرکز ہائر سکنڈری سکول میں یوم آزادی کی ایک تقریب منعقد ہوئی ۔جس میں ہائر سکنڈری سکول کے پرنسپل اور سابق حزب کمانڈر برہان وانی کے والدمظفر احمد وانی نے ترنگا لہرا یا، جو ادارے کے پرنسپل ہیں ۔اس دوران ان کا یہ ویڈیوسوشل میڈیا پروائر ل ہوا ہے جس کے بعد ملک کے تمام میڈیا اداروںنے اسے اہمیت کے ساتھ جگہ دی ہے ۔ کے این ایس کے مطابق گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول ترال میں یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی ، جہاں سابق کمانڈر برہانی وانی کے والدمظفر وانی، جو پیشہ سے لکچرار ہیں اور اسی ہائر سکنڈری سکول میں تعینات ہیں، نے ترنگا لہرایا۔ اس موقعہ پر سکول کا عملہ بھی موجود تھا۔ سکول احاطہ میں قومی ترانہ بجنے کے ساتھ ہی پورا سکول عملہ تعظیم کے ساتھ کھڑا ہوا جس کے دوران ترنگا لہرایاگیا۔ اس دوران اس تقریب کا کچھ منٹوں کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس کو نہ صرف مقامی بلکہ ملک کے اکثر میڈیا اداروں اور خبر رساں ایجنسیوں نے اہمیت کے ساتھ آن لائن کیا، جس پر لوگ اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
پولیس پبلک اسکولوں میں تقریبات | طلاب نے’قومی نغمہ ‘ میں حصہ لیا
سرینگر//سرینگر،جموں،بارہمولہ، کپوارہ ، اورراجوری میں75ویں یوم آزادی کے سلسلے میںپولیس پبلک اسکولوں کی شاخوں میں تقاریب کااہتمام کیا گیا۔ جموں ،سرینگر،بارہ مولہ، اور کپوارہ کے پرنسپل،اسٹاف اورطلبہ نے قومی جھنڈا لہرایا۔اس کے بعد طلبہ نے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کیااورحب الوطنی کے نغمے گائے۔پولیس پبلک اسکول راجوری کے طلبہ نے آن لائن یوم آزادی منایا۔اس کے علاوہ پولیس پبلک اسکولوں نے طلبہ نے قومی نغمہ‘میں حصہ لیا۔
ٹھٹھاربانہال میں نوجوان تالاب میں غرق
بانہال//محمد تسکین//بانہال میں ایک غیرقدرتی تالاب میں نوجوان ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا۔ادھر مقامی لوگوں نے اس تالاب کی موجودگی پرسوالات اُٹھائے ہیں اورکہا ہے کہ یہ تالاب کس نے یہاں بنایااورکیوں کرکھلا چھوڑ دیا۔معلوم ہوا ہے کہ بانہال کے ٹھٹھارعلاقے میں فورلین شاہراہ کے نزدیک تالاب میں ایک نوجوان ڈوب گیا جووہاں بظاہر نہانے گیاتھا۔حادثے کی خبر سنتے ہی اگرچہ مقامی لوگوں نے فوری طور بچائو کارروائی شروع کی اور نوجوان کو پانی سے باہر نکالا لیکن سب ضلع اسپتال بانہال میں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے دسویں جماعت کے طالب علم کی شناخت معین خان ولدریاض احمدخان ساکن چملواس کے طور کی اوروہ نوگام اپنی پھوپھی کے پاس کئی روزسے ٹھہراتھا۔ معین خان دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا ۔ اتوار کی شام آٹھ بجے بعد جب معین احمد خان کی میت آبائی گاں چملواس پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے کیس درج کیاہے اور تحقیقات شروع کی ہے۔
کشمیر یونیورسٹی کا پروفیسر حامد انورکے انتقال پر تعزیت
سرینگر// وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر طلعت احمد نے اتوار کو یونیورسٹی کے سابق کنٹرولر امتحانات پروفیسر حامد انوردھرکے انتقال پرتعزیت کا اظہارکیا۔پروفیسر طلعت ، رجسٹرار ڈاکٹر نثار اے میر ، ڈین اکیڈمکس پروفیسر فاروق مسعودی اور یونیورسٹی کے دیگر افسران اور حکام نے پروفیسر دھر کو خراج تحسین پیش کیا اور یونیورسٹی کی ترقی اور ترقی میں ان کی شراکت کو یاد کیا۔وائس چانسلر اور افسران نے پروفیسر دھر کو ایک نامور استاد اور ایک قابل منتظم قرار دیا۔انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کی۔
اہلبیت ؑامت مسلمہ کے بہترین ہادی | خانقاہ معلی میں تقریب،مولانا قانونگو کا خطاب
نیوز ڈیسک
سرینگر// مرکز اسلام خانقاہ معلی سرینگر میں بعد معمولات تا نماز عصرایک تقریب منعقد ہوئی جس میں انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خطبے میں شہدائے کربلاؓ کی عظمت میں قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اہلبیت اسلام اور شریعت میں امت مسلمہ کے بہترین ہادی ہیںاور صحابہؓؓ منزل مقصود کے رہنماہیں۔ اہلبیت کی عظیم قربانیوں میں تقوی حق کے اصولوں کی آبیاری ، دین کے حق میں غفلت شعاری سے اجتناب اور حقیر مفادات کے عوض ملی مذہبی اور اخلاقی قدروں کی سودابازی سے دور رہ کر کوئی قربانی دینے سے اہل اسلام کو دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ وقت ضرور آتا ہے جب طاغوت کے ظالمانہ ہتھکنڈے ناکام ہوکر حق کی بالادستی نصیب ہوجاتی ہے۔
مرزا اکمل الدین بدخشیؒ کے علمی کارنامے | حقانی ٹرسٹ کے اہتمام سے آن لائن کانفرنس
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے مرزا اکمل الدین بدخشیؒ کو خراج عقیدت ادا کرنے کے سلسلے میںایک آن لائن کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں علماء اور سکالروں نے انکی سیرت و کارناموں کو اجاگر کیا۔کانفرنس کی صدارت مولانا شوکت حسین کینگ نے کی ۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے مرزا اکمل الدین بدخشی کے روحانی عروج اورمیر سید شاہ قاسم حقانی کے تئیں قربت و عقیدت پر روشنی ڈالی۔ مولانا شوکت حسین کینگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوفیانہ زندگی گزارکر لوگوں کو راہ حق کی تعلیم سے آگاہ کیا۔ مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہاکہ حضرت مرزا اکمل الدین نے انکی دیگر تصانیف مخبر الاسرار اور دیگر تحریروں بہ شمول کشمیری غزلیات کی عظمت و افادیت کا خاکہ ہیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عشق حقیقی سے سرشار ہونے کے باوجود حضرت مرزا اکمل الدین نے امر معروف اختیار کرنے اور نہی عنی المنکر ترک کرکے شرعی احکام پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی تاکید کی ۔
چیئرمین سول سوسائٹی فورم کا اظہارِ تشکر
سرینگر//جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا ہے جنہوں نے اُن کی ہمشیرہ کے انتقالِ پرسوگوار خاندان کی ڈھارس بندھائی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔وانی نے ملازم انجمنوں ، مذہبی، سماجی اور سیاسی تنظیموں ، ڈاکٹروں ، طلبا تنظیموں ، تاجر برادری ، علمائے کرام ،وکلاء اورسماجی کارکنوں ذرائع ابلاغ کے اداروں، شہربین ، جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم، احباب و اقارب کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ذاتی طور پر، ٹیلی فون ، سوشل میڈیا اوراخبارات کے ذریعے تعزیت کا اظہار کیا۔