سری نگر// سری نگر میں منگل کو پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز نے آٹھویں محرم الحرام کا روایتی ماتمی جلوس نکالنے کی کوشش کرنے والے درجنوں عزاداروں کو تحویل میں لے لیا۔
یو این آئی نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں نے اس ماتمی جلوس، جس پر گزشتہ زائد از تین دہائیوں سے پابندی عائد ہے، کی کوریج کرنے والے بعض صحافیوں پر بھی لاٹھیاں برسائیں۔
انتظامیہ نے سری نگر کے گرو بازار علاقے سے روایتی جلوس عزا کی برآمدگی کو روکنے کے لئے شہر کے کئی علاقوں، بشمول تجارتی مرکز لالچوک میں پابندیاں عائد کی ہیں۔
دریں اثناءکشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے ” ہم لوگوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہیں لیکن مفاد پرستوں کے ناپاک عزائم کو شکست دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے“۔
انہوں نے یہ بات شہر کے مختلف حصوں میں جلوس عزا برآمد کرنے کی کوشش کے دوران عزاداروں کے خلاف پولیس ایکشن کے رد عمل میں کی۔
موصوف نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ میں کہا”'ہم تمام لوگوں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ امن کے ماحول کو خراب کرنے والے مفاد پرستوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے“۔