سرینگر// پارلیمانی ممبران نے یک آواز میںوبائی بیماری کرونا وائرس سے نپٹنے کے دوران طبی و نیم طبی عملے کے علاوہ دیگر لوگوں کی کاوشوں کی سراہناکرتے ہوئے محکمہ صحت کو آکسیجن کنسنٹیٹر سپرد کئے جبکہ جموں کشمیر میں ذہنی صحت جانکاری پروگرام چلانے اور دماغی طور معذور بچوں کیلئے دوادارے کھولنے کا اعلان کیا۔ اس دوران صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ وادی میں اس وبائی بیماری کو قابو میں کرنے کیلئے ہر تدبیر عمل میں لائے گی جبکہ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق نے واضح کیا کہ محکمہ صحت کوروناکی کسی بھی لہر سے نپٹنے کیلئے تیار ہے۔ سرینگر میں کووِڈ- 19 سے صف اول پر نبرد آزما لوگوں کے اعزاز میں روٹری کلب کشمیر اور ایچ این وانچو ٹرسٹ کی طرف سے منعقدہ تقریب میں نصف درجن سے زائد پارلیمانی ممبران نے شرکت کی اور وادی میں کووِڈ- 19 سے نپٹنے والے عملے کو توصیفی اسناد سے نوازا۔ تقریب میں بی جے پی کے سینئر مرکزی لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر، دوشانت گوتم،کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر وویک تنخواہ، راجیہ سبھا ممبران پرتاپ سنگھ باجوا، ترچھی سیوا،جی وی ایل نرسہما رائو، ڈاکٹر وکاس مہاتمے، ڈاکٹر امر پٹنائک، وی وجیاسی ریڈی ڈاکٹر باندا پرکاش، رام وچار نیتم اور سریندر سنگھ ناگر کے علاوہ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے،ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق،امیت وانچو،ڈاکٹر دوشنات چودھری اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھاجپا لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ دوشانت گوتم نے کہا کہ کووِڈ سے نپٹنے کے دوران جو لوگ سامنے آئے انہوں نے ایک مثال قائم کی ہے۔ ویلکم زندگی(خوش آمدید زندگی) کے نام سے منعقدہ پروگرام کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کووِڈ جانباز یہ لوگ اس وقت سامنے آئے جب خوف سے بچوں نے اس بیماری میں مبتلا اپنے والدین کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔ انہو ں نے کہا’’ میں نے زندگی میں کھبی نہیں سوچا تھا کہ ہوا بھی فروخت ہوگی،تاہم کووِڈ کی دوسری لہر میں یہ بھی دیکھنے کو ملا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بیماری کے دوران غیر سرکاری انجمنوں نے بھی نا قابل ستائش رول ادا کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ممبر پارلیمنٹ وویک تنخواہ نے کہا کہ جموں کشمیر مین ذہنی صحت کی جانکاری کیلئے پروگرام منعقد کئے جائیںگے،جبکہ دماغی طور سے معذور بچوں کیلئے وادی میں ایک اور جموں میں ایک ادارہ بھی قائم کیا جائے گا،جہاں انہیں تعلیم فراہم کی جائے گی۔ وویک تنخواہ نے کہا کہ کووِڈ سے نپٹنے کیلئے تنہا نہیں بلکہ اجتماعیت کی ضرورت ہے،تاکہ اس وبائی بیماری کو ختم کیا جاسکے۔ ممبر پارلیمنٹ پرتاپ سنگھ باجوا نے کہا کہ ابتدائی ایام میں کویڈ کی صورتحال بہت خراب تھی،تاہم بعد میں اس صورتحال میں آپسی تال میل کے نتیجے میں بہتری آئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے روٹری کلب کشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کویڈ سے نپٹنے کیلئے ہر ایک تدبیر کو عملائے گی۔ ڈائریکٹر صحت ڈاکٹر مشتاق کا کہنا تھا کہ45سال سے زیادہ عمر کے تقریباً صد فیصد لوگوں کی ٹیکہ کاری کا ہدف پورا کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کسی بھی کویڈ لہر سے نپٹنے کیلئے تیار ہے اور اس سلسلے میں پیشگی میں ہی اقدمات اٹھائے گئے ہیں۔ڈاکٹر مشتاق کا کہنا تھا کہ ہر ایک ضلع میں1000ایل پی ایم آکسیجن پلانٹ نصب کئے گئے ہیں۔تقریب پر کویڈ جانبازوں میں توصیفی اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔