مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں میں کئی واٹر سپلائی سکیمیں بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی واٹر سپلائی سکیمیں مشینری کے خراب ہونے کی وجہ سے کئی عرصہ سے بند پڑی ہوئی ہیں جبکہ کچھ واٹر لفٹ سکیمیں ملازمین کی لاپرواہی و غیر حاضری کی وجہ سے لوگوں کو پانی فراہم کرنے سے ناکام ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک موٹریں مرمت کے سلسلہ میں بھیجی گئی ہیں جن کو کئی عرصہ سے واپس نہیں لایا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ سب ڈویژن کے کیری کانگڑھ علاقہ میں نئی بنائی گئی واٹر سپلائی سکیم کی موٹر بغیر پانی سپلائی کئے ہی خراب ہوگئی ہے ۔لوگوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے سب ڈویژن کے پہاڑی دیہات میں پانی کی سپلائی کیلئے کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ہیں لیکن محکمہ کے میکینکل شعبہ و دیگر ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے لوگوں کو پینے کا صاف پانی سپلائی ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔عوام نے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژں میں پانی کی سپلائی کیلئے محکمہ کو متحرک کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔