کشتواڑ میں متعدد سیاسی لیڈران اپنی پارٹی میں شامل
کشتواڑ//اپنی پارٹی ضلع صدر دفتر کشتواڑمیں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلع صدر موہندر سنگھ کی موجودگی میں نیشنل کانفرنس بلاک صدر درابشالہ نے پنچ چوہدری علی محمد، سگدی سے سماجی کارکن فاروق احمدنے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ نصیر احمد خان کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں ضلع صدر نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کیا اور اُمیدظاہر کی کہ اُن کے علاقہ میں پارٹی کیڈر مضبوط ہوگا۔
ریچھ کے حملے میں خاتون شدید ذخمی
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ کھاوڑہ میں جنگلی ریچھ کے حملے میں خاتون شدید زخمی ہوئی جسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ یہ حادثہ بعد دوپہر اس وقت پیش آیا جب مقامی خاتون گھر سے باہر گھاس لانے گئی تھی جس دوران جنگلی ریچھ نے اس پر حملہ کرکے اسکو لہولہان کردیا۔زخمی خاتون کو مقامی لوگوں نے زخمی حالت میں پی ایچ سی چھاترو منتقل کیا جسکی شناخت پوشی دیوی زوجہ بنسی لال ساکنہ کھاورہ کے طور ہوئی ہے۔
ڈوڈہ میں کورونا کے 8 نئے مثبت معاملات
۔11 مریض صحتیاب ،255433 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں کورونا وائرس کے 8 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران آٹھ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ اس دوران گیارہ مریض شفایاب ہوئے ہیں اور اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد محدود ہو کر 71 رہ گئی ہے اور شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7240 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں کورونا وائرس سے اب تک 129 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 255433 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
امام بارگاہ چندر کوٹ میں یوم عاشورہ پر مجلس عزا منعقد
ایم ایم پرویز
رام بن// یوم عاشورہ کے موقع پر چندرکوٹ رام بن میں کووڈ پروٹوکول کی وجہ سے کوئی تعزیہ جلوس نہیں نکالا گیا تاہم سینکڑوں شیعہ مسلمان امام بارگاہ چندر کوٹ میں حضرت امام حسین (ع) کی شہادت پر ماتم کرنے کے لیے جمع ہوئے۔انہوں نے کربلا کے شہید امام حسینؑ اور ان کے اکہتر ساتھیوں کو بھرپور اور شاندار خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اسلام کی بقاءور وقار کے لیے میدان کربلا میں اپنی جانیں قربان کیں۔سینکڑوں عزادار،جن میں چھوٹے ، بوڑھے بچے روتے اور سینے پیٹتے ہوتے امام بارگاہ میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت اور خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرثیہ خوانی کررہے تھے۔مجلس کا اہتمام انجمن امامیہ چندر کوٹ نے کیا تھا جسے موالانا ثمر کاظمی نے دوپہر سے پہلے اور شام کو امام بارگاہ چندر کوٹ میں بھی خطاب کیا۔ضلعی انتظامیہ نے سوگواروں کے لیے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔