کویڈ۔ 19 پروٹوکول کی خلاف ورزی
ڈوڈہ پولیس نے گذشتہ ہفتے 339170 روپے جرمانہ وصول کیا،
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے گذشتہ ہفتے ضلع میں کویڈ۔ 19 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف شکنجہ کستے ہوئے 3124 افراد سے 3 لاکھ 39 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا۔ پولیس کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق کوؤڈ 19 کی پروٹوکول کو برقرار رکھتے ہوئے شہری و دیہی علاقوں میں تعینات پولیس عملہ نے گذشتہ ہفتے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں کورونا وائرس کے سلسلے میں بتائی گئی احتیاط تدابیر اختیار نہ کرنے والے ایسے 3124 افراد سے 339170 روپے جرمانہ وصول کرکے ریڈ کراس کھاتے میں جمع کیا۔ انچارج ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ کویڈ۔ 19 کی مہلک بیماری سے محفوظ رہنے کا واحد حل حفاظتی تدابیر اختیار کرنا و ٹیکہ لگوانا ہے۔ انہوں نے عوام و باالخصوص مذہبی شخصیات سے مکمل تعاون طلب کرتے ہوئے ضلع کو سو فیصدی کورونا سے پاک و صاف بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور لوگوں کو ویکسینیشن عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لئے تیار کریں۔
ڈوڈہ سے کورونا وائرس کے 14 نئے مثبت معاملات
19 مریض صحتیاب ،257188 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع سے جمعہ کو کورونا وائرس کے 14 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 19 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعہ کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کویڈ جانچ کے دوران چودہ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور انیس مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 66 رہ گئی ہے اور شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7259 پہنچ گئی ہے۔ ضلع میں اب تک کورونا وائرس سے 129 افراد فوت ہوئے ہیں جبکہ 257188 افراد کو ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
میونسپل کونسل ڈوڈہ کے نائب صدر کی والدہ فوت
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے معروف علمی گھرانے سے تعلق رکھنے والی خاتون منشی قدرت اللہ کی اہلیہ سماجی کارکنان نعمت اللہ ٹاک، غلام حسن ٹاک کی ہمشیرہ و میونسپل کونسل کے نائب صدر مظہر الحق منشی کی والدہ حاجرہ بیگم منشی کے انتقال پر ملال پر سیول سوسائٹی کے رابطہ کار اشتیاق احمد دیو، راجہ عنایت اللہ خان، معروف مصنف سعد اللہ شاد فرید آبادی، ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو، عبدالمنان بانڈے ،ڈاکٹر شبیر حسین پاٹیگڑو، ڈاکٹر ظفراللہ کرائیپاک، سید ریاض اندرابی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ مرحومہ نیک سیرت باوقار، ایثار قربانی کے جزبہ سے سرشار خاتون تھی اور پوری زندگی میں ہر خوشی غم کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا۔ اْنہوں نے مرحومہ کے لئے جنت الفردوس اور لواحقین کے لئے مغفرت کی دعا کی ہے۔
شہدائے کربلا کی یاد میں ڈوڈہ میں دعائیہ مجالس کا اہتمام
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے شہر و گام میں نماز جمعہ کے موقع پر آئمہ مساجد و علماء کرام نے شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اسلام کی سربلندی و وقار کے لئے ایسی اپنی جان کی قربانی دے کر رہتی دنیا کے لئے ایک مثال قائم کی۔ مقررین نے اس دن کی مناسبت سے تاریخ کو دہراتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ظلم و جبر کی اطاعت کے بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا اور حق کی حفاظت کو اپنی جان پر ترجیح دے کر امت مسلمہ کے لئے ایک پیغام دیا کہ وہ ہمیشہ دین حق کی سربلندی کو اپنا واحد مقصد بنائیں۔ مقررین نے موجودہ دور میں سماج میںپھیلائی جارہی برائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ اپنے گھر و نئی نسل کی تربیت قرآن و حدیث کے مطابق کریں تاکہ ایک پاک و صاف معاشرے کی تعمیر ممکن ہو سکے۔ اس دوران بیشتر مساجد میں خصوصی دعائیہ مجالس و قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔
سنگلدان میں لوک جن شکتی پارٹی کا اجلاس
کئی نوجوانوں نے پارٹی میں کی شمولیت اختیار کی
زاہد بشیر
سنگلدان //جمعہ کو لوک جن شکتی پارٹی کی طرف سے سنگلدان میں ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس کی صدارت ضلع صدر صدام حسین گنائی نے انجام دی اس موقعہ پر بہت سارے نوجوانوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ یہاں کافی استحصال ہو رہا ہے اور اُمید ہے کہ لوک جن شکتی پارٹی نوجوانوں کی امنگوں پر کھرا اُترے گی ۔ اس موقعہ پر جن نوجوانوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور بلاک سطح پرتنظیمی امور کی تشکیل دی اُن میں محمد عاصف ضلع صدر یوتھ رام بن ، فرید گل وانی جنرل سکریٹری زون گول سنگلدان ، سرندر سنگھ یوتھ صدر بلاک داڑم، محمد امین وانی جنرل سکریٹری یوتھ ونگ سنگلدان ، رحمت اللہ وانی بلاک صدر سنگلدان ، ذاکر حسین چوہدری سکریٹری سنگلدان ، محمد رفیع شاہ صدر فمروٹ ، محمد الفت نائیک یوتھ صدر ٹھٹھارکہ اے شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر تمام نوجوانوں نے عہد کیا کہ وہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کے لئے کام کریں گے ۔
انجہانی راجیو گاندھی کی سالگرہ
کشتواڑ میں کانگریس نے تقریب کا اہتمام کیا
کشتواڑ //ایڈووکیٹ محمد آصف نقیب ، ممبر رابطہ کمیٹی اور سابق جنرل سیکرٹری ڈی سی سی کشتواڑ کی قیادت میں کانگریس نے کشتواڑ میں سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی سالگرہ منائی۔اس موقع پر نقیب نے قوم کی تعمیر میں راجیو گاندھی کی شراکت پر روشنی ڈالی۔ نقیب نے کہا کہ آنجہانی راجیو گاندھی جنہوں نے ہندوستان کو تبدیل کیا اور کمیونیکیشن نیٹ ورک کو دیہات تک پہنچایا ، کمپیوٹرائزڈ ریلوے ریزرویشن ٹکٹ متعارف کروائے ، ووٹنگ کی عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال کردی۔ نقیب نے کہا ’’اگرچہ پنچایتی راج کی تشکیل 73 ویں اور آئین میں 74 ویں ترمیم سے ہوئی ، راجیو گاندھی جی کے قتل کے ایک سال بعد ، پس منظر ان کی قیادت والی کانگریس حکومت کے دوران تیار کیا گیا تھا‘‘۔ نقیب نے مرحوم راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہا ،راجیو گاندھی نے بطور وزیر اعظم 1986 میں قومی تعلیمی پالیسی (این پی ای) کا اعلان کیا تاکہ ملک بھر میں اعلیٰ تعلیمی پروگراموں کو جدید اور وسعت دی جائے۔ اس موقعہ پر دیگر کانگریس کارکنان بھی موجود تھے۔ ان میں غلام زرگر ، محمد عباس ملک ، نوید اشرف کچلو ، جہانزیب سروال ، طارق حسین زرگر ، مدثر وازہ ، یاسین گری و دیگر اس موقع موجود تھے اس دوران کئی ایک لوگوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ان میں ممتاز فتح محمد ، مسعود احمد ، آصف علی ، فردوس احمد ، محسن احمد اور دیگر شامل تھے۔