سرینگر// پولیس نے صورہ علاقے میںبھائی بہن کی شادی کیلئے لائے گئے70لاکھ روپے کے زیورات چوری کرنے کا معاملہ مختصر وقت میں حل کر کے ایک خاتون کی گرفتاری عمل میں لائی۔پولیس بیان کے مطابق 21اگست کو غلام جیلانی خان ولد غلام محی الدین ساکن کوکر باغ ملہ باغ صورہ نامی شہری نے احمد نگر پولیس چوکی میں تحریری شکایت درج کرائی کہ نامعلوم افراد نے اس کے رہائشی مکان میں نقب لگا کر لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات اڑا لئے۔مذکورہ شہری کی شکایت پر پولیس نے کیس زیر نمبر 91/2021 درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ ایس ایس حضرت بل ارشاد احمد نے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جنہوں نے تحقیقات شروع کردی۔ پولیس ٹیم نے مسلسل کوششوں کے بعد ایف ایس ایل کی تکنیک اور ماہرین کی خدمات حاصل کر کے ایک مشتبہ خاتون پر توجہ مرکوز کی اور اسے تھانے پر بلایا گیا۔ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران خاتون نے اقبال جرم کرتے ہوئے نقب زنی کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جس کے بعد پولیس نے اس کی تحویل سے لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کئے۔ خاتون کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔