سرینگر//پولیس نے منگل کو کہا کہ شمالی ضلع بارہمولہ میں سوپور کے پیٹھ سیر علاقے میں فورسز کے ساتھ گولیوں کے تبادلے میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔یہ معرکہ آرائی دوران شب اُس وقت شروع ہوگئی جب فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن کا آغاز کیا۔
پولیس نے پہلے دو اور بعد میں ایک اورجنگجو کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ” سوپور میں فورسز کا جنگجو مخالف آپریشن اختتام کو پہنچ گیا ہے“۔
پولیس نے تاہم فوروی طور پرجاں بحق جنگجوﺅں کی شناخت نہیں بتائی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ معرکہ آرائی کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا ہے۔
دریں اثناءمقامی ذرائع کے مطابق سوپور میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کر دی گئی ہیں جبکہ بڈگام سے بارہمولہ کے درمیان ٹرین سروس کو بھی ”احتیاطی تدابیر “کے طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل اطلاعات کے مطابق پولیس ،فوج اور سی آر پی ایف نے گذشتہ شب دیر گئے پیٹھ سیر سوپور کومحاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
جب فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو چھپے ہوئے جنگجوﺅں نے اُن پر فائرنگ کی جس کے بعد وہاں معرکہ چھڑ گیا جس کے نتیجے میں پولیس کے مطابق تین عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوگئے۔