بانہال// رام بن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سٹوڈنٹ شاخ، اکھل بھارتی ویدیارتھی پریشد کی طرف سے جمعہ کو سرینگر۔جموںشاہراہ پر احتجاجی دھرنا کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حمل میں کئی گھنٹوں کی رکاوٹ پیدا ہوگئی۔
مظاہرین ضلع ہسپتال رام بن کے ساتھ ہائیر سیکنڈری سکول رام بن کی ملکیت والی زمین میں آکسیجن پلانٹ نصب کرنے کی مخالفت کر رہے تھے۔وہ گذشتہ روز گرفتار کئے گئے ضلع صدر اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد رام بن ترن دیو سنگھ سمیت چار ساتھیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کر رہے تھے۔
مظاہرین کے مطابق گذشتہ شام کو رام بن پولیس نے مبینی طور اے بی وی پی کارکنوں کی مارپیٹ کی اور ضلع صدر سمیت کئی افراد کو حراست میں لے لیا ۔
اکھل بھارتی ودیارتھی کے کارکنان جمعرات رات دیر تک پولیس سٹیشن رام بن کے گیٹ کے باہر مظاہرہ کرتے رہے اور پولیس انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ وہ گرفتار ساتھیوں کی رہائی اور آکسیجن پلانٹ کے کام کو بند کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔
رام بن پولیس ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے کل اے پی وی پی کے چار افراد کو گرفتار کیا جن میں صدر ترون دیو سنگھ ، پون راٹھور، آرین اور روی راٹھور شامل ہیں۔
پولیس نے اس سلسلے میں کل ہی ایک کیس نمبر 132 زیر دفعہ 353, 447, 147, 332, 504, 506 درج کیا ہے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک شاہراہ پر دھرنا جاری تھا جس کی وجہ سے سینکڑوں گاڑیاں درماندہ تھیں یہاں تک کہ سرینگر کی طرف آرہی ایک ٹرک میں موجود کئی بھیڑ شدید گرمی کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے تھے۔