لندن// برطانیہ میں ماحولیاتی تحفظ کی تنظیم کے کارکنوں نے آلودگی کے خلاف احتجاج کے دوران سرکاری عمارت پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے لندن کے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی گلڈ ہال بلڈنگ پر دھاوا بول کر شیشوں پر لال رنگ پھینک دیا۔ واضح رہے مظاہرین ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات نہ کرنے پر 2ہفتے سے احتجاج کررہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت سرمایہ زیادہ خرچ کرنے کے خوف سے ایندھن استعمال کررہی ہے اور اس نے عوام کو آلودگی کے ہاتھوں مرنے کے لیے چھوڑ رکھا ہے۔ دوسری جانب جانوروں کے حقوق کی تنظیم کے کارکنوں نے لندن میں ملکہ برطانیہ کے گھر بکنگھم پیلس پر دھاوا بول کر شکار پر پابندی کے لیے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ملکہ برطانیہ کے محل کے دروازے پر ہل چل مچانے کے بعد ملکہ وکٹوریامیموریل کی عمارت کو لال رنگ سے رنگ دیا۔ مظاہرین جانوروں کے شکار کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جن پر ’رائل بلڈ باتھ‘کے الفاظ تحریر تھے۔ مظاہرین کی جانب سے محل کے سامنے وکٹوریامیموریل میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔