سرینگر// پی ایچ ڈی اسکالرز ایسوسی ایشن کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میںایسوسی ایشن کے اہم مسائل ومعاملات پر بات ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق پی ایچ ڈی اسکالرز ایسوسی ایشن کے اہم اجلاس متفقہ طور پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے لئے گئے حالیہ فیصلے کو سراہا گیا کہ جس کی رو سے کالجوں میں کنٹر یکچول لیکچرروں کی خالی جگہوں کو پُر کرنے کے لئے فقط یو جی سی گائیڈ لائینزاورذاتی قابلیت کو معیار بنایا گیا ہے۔ اعلیٰ قیادت نے زور دے کر اس بات کی تائید کی کہ مذکورہ فیصلہ مبنی بر حق ہے اور محکمہ اعلی تعلیم اور طالب علموں وسیع تر مفاد میں ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ موجودہ کانٹریکٹ فقط پانچ مہینوں پر مشتمل ہے اس لیے خدشہ یہ پیدا ہوا ہے کہ کئی کنٹر یکچول لیکچرروں کو تجربے کے ایک پوائنٹ سے محروم نہ رکھا جائے مگر محکمہ اعلیٰ تعلیم کی دور اندیشی اور حق پرستی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ اس ضمن میں کوئی نہ کوئی حل ضرور تلاش کیا نکالا جائے گا ۔ اجلاس میں نوڈل پرنسپل کشمیر کالج سے گزارش کی گئی کہ مختلف کالجز میں گیسٹ فیکلٹی کی تقرری میرٹ لسٹ سے کی جانی چاہیے اور کالج پرنسپلوں سے اپیل کی گئی کہ رکیوزشنز بھیجنے میں تاخیر نہ کریں تا کہ اور بھی مستحق اسکالرز کالج جوائن کر پائے جبکہ اعلیٰ قیادت نے اس بات پر نہایت ہی افسوس کا اظہار کیا کہ اعلیٰ حکام کی یقین دہانی کے باوجود بھی ابھی تک کونٹریکچول لیکچرروں کی تنخواہوں میں یو جی سی گائیڈ لائینز کے مطابق اضافہ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف انھیں مالی مشکلات درپیش ہیں بلکہ ذہنی طور پہ بھی وہ منتشر ہو چکے ہیں۔ شرکاء نے اعلیٰ حکام سے گزارش کی کہ ان کی جائیزز اور مبنی بر حق مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے بصورت دیگر سڑکوں پر آنے کے سوا ان کے پاس کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ چیرمین پبلک سروس کمیشن سے انسانیت کی بنیادوں پر گزارش کی گئی کہ لیکچرراروں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی تقرری کا عمل جلد از جلد شروع کیا جائے تا کہ وہ اسکالرز جو عمر کی حد پار ہونے کے قریب ہے اس عمل میں شریک ہوسکے۔ اجلاس کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر تنویر طاہر اور دیگر شرکاء نے متفقہ طور پر لفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ پی ایچ ڈی اسکالرز کے ساتھ ہو رہی نا انصافی کو ختم کرنے کیلئے ذاتی مداخلت کریں تا کہ پی ایچ ڈی اسکالرز کے مستقبل کو برباد ہونے سے بچایا جا سکے۔