جموں/یو این آئی/ جموں و کشمیر پولیس نے منگل کی صبح ضلع کٹھوعہ کے لکھن پور ٹول پوسٹ میں ایک کورونا ٹیسٹ سینٹر کے نزدیک افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک کم عمر لڑکے کو حراست میں لے لیا۔ایس ایس پی کٹھوعہ آر سی کوتوال نے میڈیا کو بتایا کہ پکڑے گئے افغانستان سے تعلق رکھنے والے لڑکے عبدالرحمانی کا پاسپورٹ اور ویزا اکتوبر تک ویلڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پاس دستاویزات نہیں ہیں وہ افغان سفارت خانے میں ہیں ہم اس کو ویریفائی کر رہے ہیں۔موصوف نے کہا کہ اس لڑکے کی عمر 17 برس ہے اور یہ یہاں کیسے اور کیوں آیا اس کے بارے میں تحقیقات کی جار ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی تحویل سے بھارتی اور افغانستان کی کچھ کرنسی کے علاقہ کچھ بھی بر آمد نہیں کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ گرفتار کئے گئے لڑکے کے پاس تمام سفری دستاویزات موجود ہیں اور یہ رواں برس جولائی میں اپنے بھائی کے علاج کیلئے تیماردار کی حیثیت سے بھارت آیا ہوا ہے۔ ایس پی کٹھوعہ نے مزید کہاکہ مذکورہ لڑکے کا بھائی افغانستان میں فوجی اہلکار ہے اور گولی لگنے کے سبب وہ نئی دہلی کے آر آر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ ابتدائی پوچھ تاچھ میں رحمانی نے پولیس کو بتایا کہ وہ کشمیر کے راستے افغانستان جانا چاہ رہا تھا کیونکہ اسے اپنے گھر کی یاد آرہی تھی۔اس دوران پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔