سرینگر// جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شہرہ آفاق ڈل جھیل کی صفائی کیلئے جون 2022 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ارون کمار مہتا نے پیر کو یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’ڈل جھیل سرینگر کی لائف لائن ہے، اس کو صاف کرنا ہماری مجموعی ذمہ داری ہے،وقت آ گیا ہے کہ ہم ڈل جھیل کی صفائی کے لئے ڈیڈ لائن مقرر کریں، اگلے سال مئی جون میں ڈل ہر حال میں صاف ہوگا‘‘۔ انہوں نے ڈل جھیل کے رکھ رکھائو کے لئے ذمہ دار اداروں کے سربراہوں سے مخاطب ہو کر کہا’’میں آپ سے گزارش کروں گا کہ ڈل کو صاف و شفاف رکھنے کے لئے ایک مہم شروع کی جائے‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا’’اس مہم کو ایک سال تک چلائیں، ڈل کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو اس مہم کا حصہ بنائیں، لوگوں کے اشتراک کے بغیر کسی بھی مہم کو کامیاب ثابت ہونا ناممکن ہے‘‘۔چیف سکریٹری نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈل کا رقبہ سکڑ رہا ہے لیکن ان کے بقول ایسی کوئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا’’اصل میں لوگ چاہتے ہیں کہ ڈل ویسا ہی دلکش نظر آئے جیسا کئی دہائی پہلے نظر آتا تھا، ڈل اب بھی خوبصورت ہے، یہ گندہ نہیں ہے، کچھ مسائل ہیں جن کو ہم نے حل کرنا ہے‘‘۔