ڈوڈہ//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین دھننتر سنگھ کوتوال نے ڈی سی آفس کے ہال میں منعقدہ میٹنگ میں ڈسٹرکٹ کیپیکس بجٹ پلان کے تحت ایکشن پلان ، عملدرآمد اور کاموں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں بلاک سطح پرکاموں کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ہر بی ڈی او نے منظور شدہ کاموں کی تفصیلات ، موصول ہونے والے تخمینے ، وجوہات کے ساتھ زیر التواء تخمینہ ، اے اے کی منظوری ، ٹینڈرنگ اور زمین پرشروع کئے گئے کاموں کی جانکاری دی۔چیئرمین کو بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال کے لیے کیپیکس بجٹ کے تحت ضلع کے لیے مجموعی طور پر 1460 کام منظور کیے گئے ہیں ، جن میں سے 1156 کاموں کے لیے تخمینے/ تکنیکی منظوری حاصل کی گئی ہے ، جبکہ 720 کاموں کو انتظامی منظوری دی گئی ہے اور 455 کاموں کے ٹینڈر آج تک جاری کئے گئے ہیں۔چیئرمین نے منیریگا ، پی ایم اے وائی اور دیہی ترقیاتی محکمہ کی طرف سے لاگو کی جانے والی دیگر سکیموں کا بھی جائزہ لیا۔چیئر کو بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال کے لیے منریگا کے تحت 11412 کام منظور کیے گئے ہیں جن میں سے 40 فیصد کام دردست لئے جاچکے ہیں اور تکمیل کے مختلف مراحل پر ہیں۔ 18.86 لاکھ منظور شدہ ایام کار میں سے 37فیصد ایام کار دستیاب ہوچکے ہیں۔پی ایم اے وائی کے بارے میں بتایا گیا کہ شناخت شدہ اہل مستحقین کے 12154 کیس منظور کیے گئے ہیں جن میں سے 5959 مکمل ہوچکے ہیں جو کہ کامیابی کے لحاظ سے 49 فیصد ہے۔چیئرمین نے بی ڈی اوز اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے عملہ اور مشینری کو ہم آہنگی سے کام پرلگائیں۔ انہوں نے افسران کو بتایا کہ منظور شدہ کاموں کے لیے تصحیح صرف میرٹ پر اور گرام سبھا کی مناسب منظوری کے ساتھ تجویز کی جائے گی۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمات کو شفاف اور موثر انداز میں فراہم کریں تاکہ فائدہ ہو۔وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی سنگیتا رانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منظور شدہ کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے جلد ٹینڈرنگ پر زور دیا۔ اس کے علاوہ ، بی ڈی اوز سے کہا کہ وہ عوام کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے گرام سبھا میں ذاتی طور پر شرکت کریں۔