پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گائوں جھلاس کے حلقہ پنچایت اپر جھلاس کی مختلف وارڈوں میں سڑک جیسی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اس دوران جب انھوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر کو اپنی مشکلات سے روشناس کیا تو انھوں نے فوراً اقدام اٹھا کر اس علاقہ کے لئے سڑک کی تعمیر کا کا شروع کروا دیا جس کو لیکر علاقہ کے لوگوں نے موصوف کے اعزاز میں ایک اجلاس منعقد کرکے ان کا شکریہ ادا کیا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب میں ضلع صدر بی جے پی پونچھ انجینئرمحمد رفیق چشتی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے جہاں مقامی سرپنچ محمد جاوید کی قیادت میں عوام نے انکا والہانہ استقبال کیا اور کے حق میں زندہ باد کے نعرے لگائے ۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی سرکار جو کہ نریندر مودی کی سربراہی میں کا م کر رہی ہے اس کا نعرہ ہی سب کا ساتھ سب کی ترقی ہے۔انھوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں گے جب کہ مقامی لوگوں نے بھی انہیں بھرپور ساتھ اور تعاون دئے جانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سرپنچ قاضی محمد جاوید ،سرپنچ سریش کمار، پنچ محمد رشید، پنچ محمد الطاف، پنچ شادی لال، پنچ عبدالخالق لکی شرما ، حسین دین، حاجی محمد فاضل اورمیر حسین موجود تھے۔