بانڈی پورہ +پلوامہ +بڈگام// بانڈی پورہ،نوگام سرینگر اور کنڈی زال کاکہ پورہ میں 3 المناک حادثات کے دوران 3خواتین سمیت 5افراد لقمہ اجل جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوا۔مہلوکین میں ساس بہو بھی شامل ہے۔ادھر بڈگام میں ایک ڈرائیور کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔ جمعرات کی شام دیر گئے کیما بانڈی پورہ نامی گائوں میں ایک تیز رفتارٹا ٹا موبائل زیر نمبر JK15A/0199 نے بانڈی پورہ سوپور روڑ پر راہ چلتی 2خواتین( ساس اور بہو) کو کچل ڈالا جسکے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوئیں جنہیں بانڈی پورہ ڈسٹرکٹ اسپتال کے بعد سرینگر منتقل کیا گیا ۔ لیکن حاجن کے مقام پر راستے میں ہی 35سالہ جواں سال حاملہ خاتون(بہو) فینسی جان دم توڑ بیٹھی جبکہ (ساس) حاجرہ بانو کو نازک حالت میں صورہ منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی دم توڑ بیٹھی۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کر کے ٹاٹا موبائل ڈرائیور کو حراست میں لیا ہے۔ادھرجمعرات بعد دوپہر نوگام چوک میں ایک تیز رفتار آئیل ٹینکر نے مخالف سمت سے آرہے ایک ایک موٹر سائیکل کو شدید ٹکر ماری،جس کے نتیجہ میں25سالہ یاسر عزیز ڈار ولد عبدالعزیز ڈار ساکن لارمو اونتی پورہ اور کامیہ شوکت دختر شوکت احمد خان ساکن پلوامہ موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئے۔ حادثہ میں شعیب تنویر ولد تنویر احمد بٹ ساکن پلوامہ شدید زخمی ہوا جسے صدر ہسپتال منتقل کیاگیا۔ ادھرکنڈی زال کاکہ پورہ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک ڈمپر زیر نمبرJK18C/3212اور ٹاٹا موبائل زیرنمبرJK13C/6997کے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجہ میں ٹاٹا موبائل ڈرائیور ریاض احمد بٹ ساکن لاری یار ترال شدید زخمی ہوا ، جسے فوری طور پر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ادھر وترہیل بڈگام سے ملحقہ پناہ گنڈ میں جمعرات کو 32 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیشے سے ٹا ٹاموبائل ڈرائیور 32 سالہ مدثر احمد گنائی ولد محمد رمضان اپنے ولد کے ہمراہ پانی کھنچنے والے پمپ کی مرمت کررہا تھا جس کے دوران اسے برقی رو کا شدید جھٹکا لگا اور وہ دور جاکر گرگیا۔اسے فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز منتقل کیا گیا تاہم وہاں موجود ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دیا۔