نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ریڈیو پروگرام من کی بات کی 81 ویں قسط کو ندیوں کو وقف کیااور لوگوں سے دریاوں کے ساتھ پھر سے رابطہ بڑھانے کی اپیل کرنے کے ساتھ ہی زندگی اور برتاومیں صفائی کو اختیارکرنے کی ضرورت پر زوردیا۔اپنے امریکی دورے سے پہلے ریکارڈ کئے گئے خطاب میں مودی نے کھادی اور مقامی مصنوعات کی حوصلہ افزائی کی اور گاندھی جینتی سے شروع ہونے والی کھادی مصنوعات کی خصوصی فروخت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے ہندوستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں اور جن دھن اکاؤنٹس کے میدان میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے اس کو بھی ایک طرح کی صفائی مہم قرار دیا۔مودی نے کہا کہ آزادی کی ان کہی کہانیاں لوگوں تک ان کی زبانوں میں پہنچانے کے لئے شروع کی گئی مہم میں اب تک ملک اور بیرون ملک سے 13 ہزار سے زیادہ ابھرتے ہوئے مصنفین اپنا نام دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ان کے بینک کھاتوں میں براہ راست رقم بھیجنے کے نظام نے بدعنوانی کو کم کیا ہے اور ڈیجیٹل ادائیگی جیسی ٹیکنالوجی سے معاشی طور پر شفافیت لانے میں بہت مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب آپ جانتے ہیں کہ جن دھن اکاؤنٹس کے حوالے سے ملک میں شروع کی گئی مہم کی وجہ سے آج غریبوں کا پیسہ براہ راست ان کے کھاتوں میں جا رہا ہے جس کی وجہ سے بدعنوانی میں بہت بڑی کمی آئی ہے ۔اس تناظر میں وزیر اعظم نے کہا کہ "یہ سچ ہے کہ ٹیکنالوجی معاشی شفافیت میں بہت مدد کر سکتی ہے ۔