راجوری // چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری نے تحصیلدار منجا کوٹ کی جانب سے ملازمین کیلئے جاری کردہ اٹیچ منٹ حکم نامے کر منسوخ کرتے ہوئے اپنی پوزیشن واضح کرنے کیلئے لکھا ہے ۔چیف ایجوکیشن آفیسر نے کہاکہ مذکورہ عمل سے محکمہ ایجوکیشن میں بچوں کی آن لائن کلاسیں متاثر ہوئی ہیں ۔چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری گلزار حسین کی جانب سے تحصیلدار منجا کوٹ کیساتھ کئے گئے رابطہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں لکھا گیا ہے کہ گور نمنٹ ٹیچروں کوکووڈ کے علاوہ کسی بھی ڈیوٹی کیلئے اٹیچ نہیں کیاجاسکتا تاہم مذکورہ دفتر کی جانب سے محکمہ تعلیم کے ٹیچر محمد فاروق اور محمد اشفاق کو کووڈ ویکسی نیشن ڈاٹہ لوڈ کرنے کیلئے اٹیچ کر دیا گیا تھا لیکن تحصیلدار منجا کوٹ نے سرکاری حکم نامے کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ملازمین کو تحصیل دفتر منجا کوٹ میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ لوڈ کرنے کیلئے اٹیچ کر دیا۔آفیسر موصوف کے جاری کردہ حکم نامے کی ایک کاپی کشمیر عظمیٰ کے پاس بھی موجود ہے جبکہ اس سلسلہ میں پرنسپل سیکریٹری سکول ایجوکیشن ،ڈویژنل کمشنر جموں اور محکمہ مال کے دیگر آفیسران کو بھی تحریری طورپر لکھاگیا ہے ۔چیف ایجو کیشن آفیسر نے تحصیلدار کو تحریری خط میں لکھا ہے کہ محکمہ مال کے پاس اس عمل کیلئے کئی ملازمین موجود ہیں جبکہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ لوڈ کرنا محکمہ مال کی ہی ذمہ دار ی ہے ۔سی ای او نے لکھا کہ تحصیلدار منجا کوٹ کے حکم کی وجہ سے بچوں کی آن لائن کلاسیں ،کمیونٹی کلاسیںمتاثر ہونے کیساتھ ساتھ کووڈ ویکسی نیشن لورزامات کو لوڈ کرنے کا کام بھی متاثرہوا ۔چیف ایجوکیشن آفیسر نے تحصیلدار کو لکھا ہے کہ ’محکمہ مال کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ Ref/TMK/154-56کو منسوخ کیا جارہاہے جبکہ تحصیلدار منجا کوٹ کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کیلئے دو دن کا وقت بھی دیا گیا ہے جبکہ جواب دینے میں ناکامی کے بعد اعلیٰ حکام کو کارروائی کیلئے لکھا جائے گا ۔