مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر میں محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے غریبوں کیساتھ مسلسل نا انصافیاں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے بزرگ و معذور افراد سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں ۔سب ڈویژن کی پنچایت کانگڑھ گلہوتہ کے کیری گائو ں میں رہائش پذیر فالج میں مبتلا محمد حسین اور ان کا بیٹھا 2کمروں پر مشتمل مکان میں رہائش پذیر ہیں تاہم محکمہ بجلی کی جانب سے دونوں باپ بیٹے کے نام پر بل ارسال کئے جارہے ہیں ۔متاثرین نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ کے لائن مین کو زمینی حقائق کے بارے میں بھی مکمل جانکاری ہے جبکہ شعبہ کے آفیسران سے رجوع کرنے کے باوجود بھی ان کے 2بجلی کنکشن کر دئے گئے ہیں جس کے بعد وہ بھاری بل ادا بھی کررہے ہیں ۔فالج میں مبتلا محمد حسین نے بتایا کہ 1گھر کے 2کنکشنوں کے سلسلہ میں وہ متعلقہ محکمہ کے دفتر میں کئی مرتبہ بیماری کی حالت میں بھی حاضری دے چکے ہیں لیکن ملازمین و آفیسران کی جانب سے ان کیساتھ کوئی تعاون نہیں کیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر سب ڈویژن کے دیگر علاقو ں میں بھی مکینوں کو بجلی کے بلوں کے نام پر غیر ضروری طورپر ہراساں کیاجارہاہے ۔محمد حسین نے بتایا کہ بل ادا کرنے کے باوجود بھی ان کا بل جوں کا توں ہی رکھا گیا ہے ۔انہوں نے ڈی سی پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی عمل میں ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔متعلقہ محکمہ کے ایک آفیسر نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ ملازمین کو طلب کیا گیا اور اس معاملہ کی جانچ کی جائے گی ۔