ہندوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے ماور ہندوارہ میں دست اور قے کی بیماری کی وجہ سے ایک کمسن لڑکی لقمہ اجل جبکہ اس کے دو چھو ٹے بھائی ضلع اسپتال ہندوارہ میں زیر علاج ہیں ۔چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ نے علاقہ میں ٹیمیں روانہ کی ہیںتاکہ بیماری کی وجوہات کا پتہ لگایا جاسکے۔بتایا جاتا ہے کہ بیماری ایک ہی کنبے میں پھیل گئی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ماور بالا میں دو روز قبل محمد اکبر لون کے 3بچے اچانک دست اور قے کی بیماری میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد انہیں نزدیکی پرائمری ہیلتھ سنٹر قلم آ باد میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا گیا تاہم دو روز بعد محمد اکبر لون کی5سالہ بیٹی محفوظہ اخترمنگل کی صبح فوت ہوگئی جبکہ لون کے دو کمسن بیٹے 8سالہ ذاکر اکبر لون اور عامر اکبر لون کو ضلع اسپتال ہندوارہ منتقل کیا گیا ۔کمسن لڑکی کی موت کے بعد علاقہ میں کہرام مچ گیا جبکہ بلاک میڈیکل آفیسر لنگیٹ اور چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ نے علاقہ میں دو الگ الگ طبی ٹیمیں روانہ کیںتاکہ یہ پتہ لگایا جاسکے کہ دست اور قے کی بیماری پھیلنے کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں۔طبی ٹیم نے وہا ں پر پینے کے پانی کے نمونے حاصل کئے ہیں ۔چیف میڈیکل آفیسر کپوارہ ڈاکٹر معراج الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ انہو ں نے کپوارہ اور لنگیٹ سے دو الگ الگ ٹیمیں ماور روانہ کی ہیں۔