ڈوڈہ //پی ایم جی ایس وائی کی عدم توجہی و مقامی انتظامیہ کی بے رخی کو لے کر فیگسو و چیڑا سے آئے لوگوں نے ٹھاٹھری بٹوت قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران انہوں نے محکمہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پچھلے ایک دہائی سے ٹھاٹھری چیڑا و فیگسو کاٹھاوا کی سڑکیں زیر تعمیر ہیں اور ابھی تک ان کی حالت جوں کی توں بنی ہوئی ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان سڑکوں کی زد میں آئی زمینوں و تعمیرات کا معاوضہ بھی متاثرین کو ادا نہیں کیا گیا ہے۔احتجاجی مظاہرین میں شامل محمد عرفان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 19 کلومیٹر ٹھاٹھری چیڑا سڑک پر صرف دو کلومیٹر تک ہی تار کول بچھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر حصے پر حفاظتی دیواریں و نکاسی نظام تعمیر کا بھی معقول انتظام نہیں کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بارشوں کے دوران اس پر سفر کرنا کسی خطرے سے خالی نہیں ہے۔منصور احمد و تنویر احمد نے کہا کہ مذکورہ ٹھیکیدار اس سڑک کو تعمیر کرنے میں ناکام ہوئے ہیں. انہوں نے ان کا ٹنڈر منسوخ کرنے و وقت پر کام مکمل نہ کرنے پر کارڈ کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ اثر و رسوخ رکھنے والے لوگوں کو معاوضہ دیا گیا ہے اور غریب عوام کی فائلوں کو دفتروں سے ہی غائب کیا گیا ہے۔اس دوران سابق سرپنچ و ڈی ڈی سی امیدوار شمیم احمد بٹ و ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک احتجاجی مظاہرین کے درمیان پہنچے اور متعلقہ حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع و مقامی انتظامیہ سے عوامی مسائل کا ترجیح بنیادوں پر ازالہ کرنے پر زور دیا ہے۔دریں اثناء ڈی ڈی سی کونسلر سندیپ منہاس، تحصیلدار چندر شیکھر و ایکسن پی ایم جی ایس وائی پرویز احمد موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات کو فی الفور حل کیا جائے گا جس کے بعد انہوں نے اپنا احتجاج ختم کیا۔اس دوران قومی شاہراہ سمیت ٹھاٹھری فیگسو سڑک پر بھی ٹریفک معطل رہا۔